آبنائے ہرمز میں ایران کو نظرانداز کرنے والے آئل ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، پاسداران انقلاب

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب سے گزرنے کی کوشش کرنے والے ایک آئل ٹینکر میں شدید دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے ایک آئل ٹینکر میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس دھماکے کے فوری بعد اسی راستے پر موجود 2 دیگر تجارتی جہاز تیزی سے واپس لوٹ گئے۔
پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تینوں جہاز امریکی احکامات پر عمل کر رہے تھے اور آبنائے ہرمز کے جنوب میں قائم کردہ خطرناک راستے سے گزرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے اردن اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل و ڈرون حملے، راڈار اور ڈرونز تباہ
آئی آر جی سی کی بحری فوج نے اس بات پر زور دیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر ایرانی فورسز کے کنٹرول میں ہے اور جب تک خطے میں امریکہ کی شرانگیزیاں اور جارحانہ اقدامات جاری رہیں گے، یہ راستہ مکمل طور پر بند رہے گا اور کسی بھی آئل ٹینکر کو داخل یا خارج ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایرانی مسلح افواج نے سخت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی جہاز امریکہ کی دھوکے بازی میں آئے گا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہم آہنگی کے بغیر اس راستے سے گزرنے کی کوشش کرے گا، اس کا انجام بھی اسی ٹینکر جیسا ہوگا۔ پاسداران انقلاب نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں اپنی مداخلت فوری بند کرے کیونکہ اس سے صرف عالمی توانائی کا بحران پیدا ہو رہا ہے اور زراعت کے لیے ضروری کھاد کی سپلائی میں شدید کمی آ رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












