منگل، 28-جولائی،2026
منگل 1448/02/14هـ (28-07-2026م)

آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا تشدد، رینجرز سپاہی شہید، 5 اہلکار زخمی

28 جولائی, 2026 08:55

آزاد کشمیر میں کالعدم تنظیم جے اے اے سی نے راولاکوٹ میں سیکیورٹی پوسٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں رینجرز کا ایک سپاہی شہید اور 5 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے کامیاب انعقاد کے بعد کالعدم تنظیم جے اے اے سی نے پرتشدد راستہ اختیار کر لیا ہے۔

راولاکوٹ پولیس کے مطابق رات 10 بجے کالعدم تنظیم نے راولاکوٹ کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی، جسے جب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے روکا تو مظاہرین نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

تازہ ترین صورت حال کے مطابق راولاکوٹ کے مضافات میں کالعدم جے اے اے سی نے ایک سیکیورٹی پوسٹ پر بھی حملہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : مودی سرکار کا کشمیر اور منی پور کے بعد نئی دہلی میں نہتے شہریوں کے خلاف پیلٹ گن کا وحشیانہ استعمال

قانون نافذ کرنے والے اداروں پر کیے گئے اس حملے میں رینجرز کے سپاہی علی رضا نے جامِ شہادت نوش کیا، جبکہ پرتشدد مظاہرین کے ان حملوں میں پولیس کے مزید 3 اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔

اس کشیدہ صورتحال کے دوران فسادی عناصر نے رینجرز اور پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔ اشتعال انگیزی کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق کامیاب انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے جے اے اے سی نے سیکیورٹی اداروں پر حملوں کا سہارا لیا ہے۔

سرکاری اہلکاروں، سرکاری املاک اور سیکیورٹی فورسز پر یہ حملے جے اے اے سی کے پرتشدد عزائم کو مکمل طور پر بے نقاب کرتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریاست کی عملداری ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی اور ان واقعات میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

سیکیورٹی فورسز عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جمہوری عمل کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔