منگل، 28-جولائی،2026
منگل 1448/02/14هـ (28-07-2026م)

دبئی ایئرپورٹ پر بایومیٹرک ٹیکنالوجی متعارف، مسافر پاسپورٹ کے بغیر امیگریشن مکمل کر سکیں گے

28 جولائی, 2026 08:44

دبئی: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مسافروں کے لیے جدید بایومیٹرک ٹیکنالوجی پر مبنی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے اب کئی مراحل پر پاسپورٹ نکالے بغیر امیگریشن کا عمل مکمل کیا جا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں شامل دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے گرمیوں کے سفری رش کو بہتر انداز میں سنبھالنے اور امیگریشن کے عمل کو مزید تیز بنانے کے لیے "اسمارٹ گیٹس ایلیجیبلٹی پری چیک” سروس کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ جدید ڈیجیٹل سہولت دبئی ایئرپورٹس نے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارن افیئرز کے تعاون سے متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد مسافروں کو تیز، آسان اور بغیر رکاوٹ سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔

نئے نظام کے تحت مسافر امیگریشن کاؤنٹر تک پہنچنے سے پہلے ہی معلوم کر سکیں گے کہ آیا وہ بائیومیٹرک اسمارٹ گیٹس استعمال کرنے کے اہل ہیں یا نہیں۔

اہل مسافر لمبی قطاروں سے بچتے ہوئے براہ راست اسمارٹ گیٹ پر جا سکیں گے، جہاں چہرے کی شناخت کے جدید نظام کے ذریعے چند سیکنڈز میں امیگریشن کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

اسمارٹ گیٹس پری چیک استعمال کرنے کا طریقہ

مسافر اپنے اسمارٹ فون پر دبئی ایئرپورٹ کا پورٹل کھول کر یا ایئرپورٹ ٹرمینلز پر موجود خصوصی QR کوڈ اسکین کر کے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس کے بعد Smart Gates PreCheck کا آپشن منتخب کرنا ہوگا، جہاں موبائل کیمرے کے ذریعے پاسپورٹ کے تصویر والے صفحے کو اسکین کرنے کے بعد چند سیکنڈز میں سسٹم مسافر کی اہلیت کے بارے میں معلومات فراہم کر دے گا۔

دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق مصنوعی ذہانت (AI) اور چہرے کی شناخت کے جدید نظام کے باعث امیگریشن کا اوسط وقت 12.5 سیکنڈز سے کم ہو کر صرف 3.4 سیکنڈز رہ گیا ہے۔

یہ سہولت متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک کے شہریوں، وہاں کے رہائشیوں، ویزا آن ارائیول اور شینگن ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران 90 لاکھ سے زائد مسافر دبئی ایئرپورٹ کے اسمارٹ گیٹس استعمال کر چکے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق گرمیوں کے سیزن میں دبئی ایئرپورٹ پر روزانہ 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد مسافروں کی آمد و رفت متوقع ہے، جس کے پیش نظر یہ جدید نظام سفری سہولیات میں اہم پیش رفت ثابت ہو رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔