معاہدے کے باوجود جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے جاری

لبنانی حکومت اور اسرائیلی فورسز کے درمیان طے پانے والے فریم ورک کے باوجود، جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری، دھماکے اور تباہ کاریوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
امریکا کی ثالثی میں لبنان کی حکومت اور اسرائیلی فورسز کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کے باوجود، جنوبی لبنان کے طول و عرض میں اسرائیلی بمباری اور شدید دھماکوں کی آوازیں مسلسل گونج رہی ہیں۔
مرکبا، القنطرو، طیبہ، کفر تبنیت، حدثا، الطیری، طلوسہ اور عیترون کے مضافات میں مسلسل دھماکے سنے گئے، جن کے شدید جھٹکے دور دراز کے دیہات تک محسوس کیے گئے۔
اسرائیلی قابض فورسز نے القنطرہ اور بیت یحون میں درجنوں گھروں اور زرعی زمینوں کو آگ لگا دی، جبکہ علی الطاہر کی پہاڑیوں اور المنصوری کے علاقوں میں دھماکہ خیز مواد اور الصوت بم گرائے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسرائیلی طیاروں نے شبعا کے قصبے پر بمباری کی اور زوطر الشرقیہ پر روشنی کے گولے داغے۔
یہ بھی پڑھیں : کارگل جنگ کے دوران بھارت کو دفاعی آلات اور انٹیلی جنس معاونت فراہم کی، اسرائیلی سفارت خانہ
ان تمام تر سخت حالات کے باوجود، ضلع نبطیہ کے قصبے زوطر الغربیہ میں شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ لبنانی فوج کی منظم تعیناتی کے بعد زوطر الغربیہ کے 60 فیصد رہائشی دوسرے روز بھی اپنے قصبے میں داخل ہوئے۔
لبنانی فوج کے اہلکار داخلے کے عمل کو سنبھال رہے ہیں۔ زوطر الغربیہ کے میئر عبد العزالدین نے بتایا کہ قصبہ شدید ترین تباہی کا شکار ہوا ہے اور یہاں ہونے والے نقصان کا حجم ہر اندازے سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب، لبنانی فوج نے اسرائیلی فورسز کے انخلا کے بعد زوطر الغربیہ میں اپنی تعیناتی کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ یہ قدم واشنگٹن میں طے پانے والے فارمولے کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ اس موقع پر لبنانی وزیراعظم نواف سلام بھی قصبے میں پہنچے اور انہوں نے مرکزی چوک میں لبنانی پرچم لہرایا۔
لبنانی فوج کے مطابق جب ان کے دستے قصبے میں پیش قدمی کر رہے تھے تو اسرائیلی فورسز نے ان کے قریب فائرنگ کی، جس سے فوجیوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوا اور مشن میں رکاوٹیں پیدا کی گئیں۔ لبنانی فوج نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس کے دستے فی الحال زوطر الشرقیہ میں داخل نہیں ہوئے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









