منگل، 4-اگست،2026
منگل 1448/02/21هـ (04-08-2026م)

ایبٹ آباد اور پشاور بورڈ کے میٹرک نتائج جاری، طالبات نے میدان مار لیا

04 اگست, 2026 14:39

خیبرپختونخوا کے ایبٹ آباد اور پشاور تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جہاں دونوں بورڈز میں طالبات نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔

ایبٹ آباد بورڈ کے مطابق میٹرک کے امتحانات میں 72 ہزار 364 امیدواروں نے شرکت کی، جبکہ دسویں جماعت کا مجموعی کامیابی کا تناسب 80 فیصد رہا۔

نتائج کے مطابق عائشہ زیب نے 1167 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، فاطمہ جدون 1163 نمبروں کے ساتھ دوسرے جبکہ اسوہ مہرین 1160 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ آرٹس گروپ میں زینب بی بی نے 1131 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

دوسری جانب پشاور بورڈ کے مطابق نویں جماعت کے امتحانات میں 97 ہزار 950 طلبہ نے حصہ لیا، جن میں 39 ہزار 103 طلبہ کامیاب ہوئے، جبکہ 57 ہزار 847 طلبہ کو دسویں جماعت میں پروموٹ کیا گیا۔ نویں جماعت میں مجموعی پاس اور پروموشن کا تناسب 99 فیصد رہا۔

پشاور بورڈ کے دسویں جماعت کے امتحانات میں 95 ہزار 496 طلبہ شریک ہوئے، جن میں 66 ہزار 988 کامیاب جبکہ 27 ہزار 788 طلبہ ناکام رہے۔ بورڈ کے مطابق دسویں جماعت کا مجموعی کامیابی کا تناسب 70.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔