اتوار، 16-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

ملک میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے نے اداروں کو الرٹ کردیا

06 اگست, 2026 08:41

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔

 نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں اس حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے، صوبائی حکام اور مختلف متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا نے ملک بھر میں دریاؤں کے پانی کے بہاؤ، بارشوں کی صورتحال اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس کے دوران حکام نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ ان بارشوں کے باعث بعض دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے۔ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو مسلسل نگرانی اور مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔ بعض مقامات پر بارش کی شدت زیادہ رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شدید بارش کی صورت میں شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

بارشوں کے باعث ندی نالوں اور پہاڑی برساتی نالوں میں اچانک طغیانی بھی آسکتی ہے۔ اس صورتحال میں نشیبی اور حساس علاقوں کے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ اسی لیے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو پہلے سے تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں حساس علاقوں کی نگرانی مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ حکام کو کہا گیا کہ بارش اور دریاؤں کے پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ کسی بھی خطرے کی صورت میں مقامی انتظامیہ اور عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے ممکنہ متاثرہ آبادی کے بروقت انخلا پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ متعلقہ اداروں کو کہا گیا کہ ضرورت پڑنے پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے پہلے سے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

امدادی سامان اور ضروری وسائل کی دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے تیار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے حالیہ دورے سے متعلق بھی شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے ادارے کی نگرانی، تیاریوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

حکام نے واضح کیا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان رابطہ ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔