نادرا کی نئی کیاسک سہولت متعارف، شناختی کارڈ بنوانا مزید آسان

NADRA Kiosk: Renew CNIC Easily Now
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شناختی کارڈ سے متعلق خدمات فراہم کرنے کے لیے جدید خودکار کیاسک مشینیں متعارف کروا دی ہیں۔ یہ سہولت اسلام آباد کے بلیو ایریا سمیت ملک کے مختلف نادرا مراکز پر دستیاب ہے۔
نادرا کے مطابق کیاسک مشین کے ذریعے شہری بغیر ٹوکن لیے اپنے شناختی کارڈ کی تجدید یا گمشدہ کارڈ کی دوبارہ طباعت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ پورا عمل خودکار طریقے سے مکمل کیا جاتا ہے۔ شہری مشین کی اسکرین پر دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
کیاسک استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے مشین کی اسکرین پر اردو یا انگریزی زبان کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا۔ لاگ اِن کے بعد مشین فنگر پرنٹ کی تصدیق کرے گی۔ شہری کو اپنی انگلیاں اسکین کروانا ہوں گی تاکہ شناخت کی تصدیق ہوسکے۔
فنگر پرنٹ کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد موبائل نمبر درج کرنا ہوگا۔ اگر شہری کا پاک آئی ڈی اکاؤنٹ پہلے سے بنا ہوا ہے تو متعلقہ ای میل خودکار طور پر ظاہر ہوسکتی ہے۔ بصورت دیگر شہری اپنی فعال ای میل درج کرسکتا ہے۔
اگلے مرحلے میں شناختی کارڈ سے متعلقہ کیٹیگری منتخب کرنا ہوگی۔ اس میں ایسے کارڈ کی تجدید کا آپشن موجود ہے جس کی مدت ختم ہوچکی ہو یا ختم ہونے میں تقریباً تین سے چار ماہ باقی ہوں۔ اس کے علاوہ گمشدہ شناختی کارڈ کی دوبارہ طباعت کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔ گمشدہ کارڈ کی صورت میں شہری کو کارڈ کی ترسیل کے لیے مطلوبہ پتہ بھی منتخب کرنا ہوگا۔
درخواست کے اگلے مرحلے میں کیاسک میں موجود کیمرے سے شہری کی تصویر لی جائے گی۔ تصویر واضح اور مقررہ معیار کے مطابق آنے پر اسے Accept کرنا ہوگا۔ اس کے بعد مشین کے ساتھ موجود ڈیجیٹل پین کے ذریعے اسکرین پر دستخط کیے جائیں گے۔ دستخط کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں محفوظ کیا جائے گا۔
درخواست مکمل کرنے سے پہلے مشین شہری کی جانب سے فراہم کردہ تمام معلومات کا جائزہ دکھائے گی۔ اس مرحلے پر درخواست دہندہ کو چاہیے کہ وہ نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، پتہ اور دیگر تفصیلات اچھی طرح چیک کرے۔ کسی غلطی کی صورت میں اسے درست کرنا ضروری ہوگا۔
نادرا کیاسک کے ذریعے فیس کی ادائیگی کا عمل بھی آسان بنایا گیا ہے۔ معلومات کے جائزے کے بعد اسکرین پر ایک کیو آر کوڈ ظاہر ہوگا۔ شہری اپنے موبائل فون سے اس کی تصویر لے کر مقررہ طریقے کے مطابق فیس ادا کرسکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق یہ خودکار کیاسک سہولت ملک کے مختلف شہروں میں متعدد مراکز پر دستیاب ہے۔ اسلام آباد میں نادرا میگا سینٹر بلیو ایریا اور نادرا رجسٹریشن سینٹر بھارہ کہو میں یہ سہولت موجود ہے۔ راولپنڈی میں نادرا میگا سینٹر مری روڈ، نادرا سینٹر سی ایس ڈی اور نادرا سینٹر واہ کینٹ میں کیاسک دستیاب ہے۔
لاہور میں نادرا میگا سینٹر داتا گنج بخش، ایجرٹن روڈ اور پیکو روڈ پر شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان کے متعلقہ نادرا مراکز بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
کراچی میں نادرا میگا سنٹر ڈی ایچ اے، نارتھ ناظم آباد اور سیمنس چورنگی میں کیاسک سہولت فراہم کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں نادرا بگ سینٹر حیدرآباد اور نادرا بگ سینٹر ایسٹ، جبکہ سکھر میں نادرا سینٹر سکھر سٹی پر یہ سہولت دستیاب ہے۔
کوئٹہ میں نادرا سینٹر کوئٹہ اور نادرا سینٹر کینٹ جبکہ پشاور میں نادرا میگا سینٹر رنگ روڈ سے شہری خودکار کیاسک سروس حاصل کرسکتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










