اتوار، 16-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

سندھ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور انشورنس نظام تبدیل ہو گیا

06 اگست, 2026 10:56

سندھ حکومت نے گاڑیوں کی رجسٹریشن، موٹر وہیکل ٹیکس اور تھرڈ پارٹی انشورنس سے متعلق اہم اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں طرز حکمرانی، انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، مزدوروں کی فلاح اور معاشی معاملات سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ ایکسائز کی جانب سے گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں، جنہیں کابینہ نے منظور کرلیا۔

نئے فیصلے کے تحت وہ گاڑیاں جو مستقل طور پر تباہ ہوچکی ہیں یا استعمال کے قابل نہیں رہیں، ان کے مالکان کو 30 ستمبر 2026 تک تحریری اعلامیہ جمع کروانا ہوگا۔ حکومت گاڑیوں کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے اس عمل کو ضروری قرار دے رہی ہے۔

حکام کے مطابق جولائی 2010 سے موٹر وہیکل ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کو بھی اپنی گاڑی کی حیثیت واضح کرنا ہوگی۔ اگر مقررہ مدت تک اعلامیہ جمع نہ کروایا گیا تو ایسی گاڑی کو آف روڈ تصور کیا جائے گا۔

آف روڈ گاڑیوں کے حوالے سے بھی واضح طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔ اگر گاڑی کے واجبات ادا نہ کیے گئے تو 30 دن بعد اس کی رجسٹریشن معطل کردی جائے گی۔ اس کے بعد مزید 60 دن تک ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں رجسٹریشن مکمل طور پر منسوخ کردی جائے گی۔ اس فیصلے سے گاڑیوں کے سرکاری ریکارڈ کو درست رکھنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

گاڑیوں کے کاروبار سے وابستہ موٹر ڈیلرز کے لیے بھی نئی سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔ لائسنس یافتہ ڈیلرز دوبارہ فروخت کے مقصد سے خریدی گئی گاڑیاں فوری رجسٹریشن کے بغیر کچھ عرصے تک اپنے پاس رکھ سکیں گے۔ ابتدائی ہولڈنگ مدت 6 ماہ مقرر کی گئی ہے۔

ضرورت پڑنے پر اس مدت میں دو مرتبہ تین، تین ماہ کی توسیع بھی ہوسکے گی۔ تاہم گاڑی کو رجسٹر کیے بغیر رکھنے کی مجموعی مدت ایک سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔ اس دوران ہر گاڑی کے لیے صرف 100 روپے رپورٹنگ فیس ادا کرنا ہوگی۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے موٹر ڈیلر کا لائسنس فعال ہونا لازمی ہوگا۔

سندھ کابینہ نے موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس کے حوالے سے بھی اہم تبدیلی کی منظوری دی ہے۔ نئے اصول کے مطابق اگر گاڑی فروخت کرکے اس کی ملکیت تبدیل ہوجائے تو موجودہ تھرڈ پارٹی انشورنس اپنی مقررہ مدت تک برقرار رہے گی۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ گاڑی کی ملکیت تبدیل ہونے کے فوراً بعد نئی تھرڈ پارٹی انشورنس کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس اقدام سے گاڑی خریدنے والے شہریوں کے اضافی اخراجات کم ہونے کی توقع ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔