وزیراعظم، فیلڈ مارشل کے ہمراہ آج سے سعودی عرب کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف آج سے 8 اگست تک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف آج سے 8 اگست 2026 تک سعودی عرب کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی سعودی عرب جائے گا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر شامل ہوں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اردن کا دورہ مکمل کرنے کے بعد مدینہ منورہ سے وفد میں شامل ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوگی۔ اس ملاقات میں پاک سعودی دوطرفہ تعلقات، معاشی شراکت داری اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کی نئی ایئر لائن ریاض ایئر نے پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا اعلان کر دیا
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان موجودہ اسٹریٹجک شراکت داری اور باہمی اعتماد کو مزید مستحکم بنائے گا۔
خلیجی خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم کے اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے جس سے علاقائی و عالمی امور پر باہمی تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








