میر رضا کیس؛ قبر کشائی کیلئے تمام انتظامات مکمل، والد نے قبر کشائی سے روک دیا

کراچی: نوجوان میر رضا علی کی قبرکشائی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے، تاہم والد کے اعتراض کے بعد کارروائی روک دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی ٹیم پی ای سی ایچ ایس قبرستان پہنچی جہاں قبرکشائی کی تیاری مکمل تھی، تاہم میر رضا کے والد نے انتظامیہ کو بیٹے کی قبرکشائی سے روک دیا۔
میر رضا کے والد کا مؤقف ہے کہ راتوں رات میڈیکل بورڈ تبدیل کر دیا گیا، جس پر انہوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قبرکشائی کی اجازت دینے سے انکار کیا۔
کیس سے متعلق سامنے آنے والی تصاویر میں مبینہ طور پر میر رضا کی شرٹ پر گولی کے نشان اور کپڑے سے دھاگے نکلے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گولی سینے سے لگی اور کمر سے نکلی، جبکہ تصاویر میں پاؤں اور پسلیوں کے قریب زخموں جیسے نشانات بھی موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے ایس پی ایسٹ کو خط لکھ کر ڈاکٹر اسامہ شیخ کی تیار کردہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مبینہ خامیوں کی نشاندہی کی تھی۔
خط میں کہا گیا کہ لاش کے ایکسرے نہیں کیے گئے، گولی کے انٹری زخم پر موجود بارود کے نشانات کا کیمیکل تجزیہ نہیں کیا گیا اور فارنزک معیار کے مطابق تصاویر بھی نہیں لی گئیں۔
پولیس سرجن کے مطابق انٹری اور ایگزٹ زخموں کی ہڈیوں کے نشانات کے حوالے سے مکمل وضاحت موجود نہیں، جبکہ رپورٹ میں انٹری زخم کا سائز ایگزٹ زخم سے زیادہ درج کیا گیا ہے، جس کی دوبارہ جانچ ضروری ہے۔
میر رضا علی کیس میں پولیس تمام شواہد، میڈیکل رپورٹس اور فارنزک پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ واقعے کی اصل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










