اتوار، 16-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

پاسپورٹ تجدید کی درخواستوں پر بڑا فیصلہ، فوری کارروائی کی ہدایت

07 اگست, 2026 09:45

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے جمع کروائی جانے والی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کردی ہے۔

محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت تمام زونل ہیڈز کا آن لائن اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کی کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر دفاتر میں انتظامی امور بہتر بنانے اور شہریوں کو زیادہ سہولت دینے سے متعلق مختلف ہدایات جاری کی گئیں۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے زونل ہیڈز کو ہدایت کی کہ اپنے متعلقہ زونل اور ماتحت پاسپورٹ دفاتر کو ماڈل دفاتر میں تبدیل کیا جائے۔ دفاتر میں صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور مناسب ماحول کو یقینی بنایا جائے۔ درخواست گزاروں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

اجلاس میں پاسپورٹ دفاتر سے ایجنٹوں اور ٹاؤٹ مافیا کے خاتمے پر بھی زور دیا گیا۔ ڈی جی نے ہدایت کی کہ زونل ہیڈز اپنے متعلقہ ایف آئی اے زونل دفاتر کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔ غیر قانونی طور پر شہریوں کو سہولت فراہم کرنے یا پاسپورٹ کے عمل میں مداخلت کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔

ڈی جی نے ہدایت کی کہ کیش لیس پاسپورٹ فیس ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی ویڈیوز تمام پاسپورٹ دفاتر میں نمایاں طور پر چلائی جائیں۔ اس کا مقصد درخواست گزاروں کو فیس کی ادائیگی کے جدید طریقے سے آسانی سے آگاہ کرنا ہے۔

پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس کے حوالے سے بھی دفاتر میں آگاہی بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔ اس مقصد کے لیے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نمایاں مقامات پر بینرز اور اسٹینڈیز لگانے کا کہا گیا ہے۔ اس اقدام سے شہری گھر بیٹھے پاسپورٹ وصول کرنے کی دستیاب سہولت سے بہتر طور پر فائدہ اٹھا سکیں گے۔

محمد علی رندھاوا نے ان درخواست گزاروں کے معاملات پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی جنہوں نے اپنے پاسپورٹس ابھی تک وصول نہیں کیے۔ متعلقہ افسران ایسے شہریوں سے فوری رابطہ کریں اور مقررہ طریقہ کار کے تحت پاسپورٹس کی بروقت ترسیل یقینی بنائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔