اتوار، 16-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

پنجاب حکومت کا پرواز کارڈ پروگرام؛ بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو بلاسود مالی امداد

07 اگست, 2026 11:59

پنجاب حکومت نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کروادی ہے۔

 ’پرواز کارڈ‘ پروگرام کے تحت ایسے اہل شہریوں کو بلاسود مالی معاونت فراہم کی جائے گی جو بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرچکے ہیں، لیکن ضروری اخراجات پورے نہ ہونے کی وجہ سے اپنی نئی ملازمت جوائن نہیں کر پا رہے۔

حکومت کے اس پروگرام کا مقصد بیرونِ ملک روزگار کے مواقع حاصل کرنے والے پنجاب کے شہریوں کی مالی مشکلات کم کرنا ہے۔ پرواز کارڈ کے ذریعے ویزا پراسیسنگ، میڈیکل ٹیسٹ، ایئر ٹکٹ، اسکلز ویریفکیشن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کی فیس سمیت دیگر اہل اخراجات پورے کرنے میں مدد دی جائے گی۔ اس مالی سہولت پر سود یا اضافی فنانسنگ چارجز عائد نہیں ہوں گے۔

پروگرام سے ہنرمند، نیم ہنرمند اور غیر ہنر مند کارکن فائدہ اٹھا سکیں گے۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد بھی مقررہ شرائط پوری کرنے کی صورت میں اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ حاصل کی گئی رقم آسان اقساط میں واپس کرنا ہوگی۔

پرواز کارڈ کے لیے کون درخواست دے سکتا ہے؟

پرواز کارڈ کے لیے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔ درخواست گزار کے پاس درست قومی شناختی کارڈ ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ امیدوار کا پنجاب کا رہائشی ہونا بھی لازمی شرط ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ درخواست گزار کے پاس بیرونِ ملک ملازمت کی تصدیق شدہ پیشکش موجود ہو۔

ملازمت کی پیشکش نہ رکھنے والوں کے لیے بھی راستہ موجود

ایسے افراد جنہیں ابھی بیرونِ ملک ملازمت نہیں ملی، وہ بھی پروگرام سے فائدہ اٹھانے کی جانب پیش رفت کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے دستیاب اور تصدیق شدہ غیر ملکی ملازمتوں تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

ملازمت کی پیشکش ملنے کے بعد امیدوار مقررہ شرائط پوری کرتے ہوئے پرواز کارڈ کے تحت بلاسود مالی معاونت کے لیے درخواست دے سکے گا۔ اس طرح پروگرام کا مقصد صرف مالی مدد فراہم کرنا نہیں بلکہ پنجاب کے نوجوانوں اور کارکنوں کو قانونی اور محفوظ طریقے سے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع تک پہنچانا بھی ہے۔

درخواست کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل

پرواز کارڈ پروگرام کے لیے درخواست دینے کا عمل آن لائن رکھا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق درخواست جمع کروانے، اس کی پراسیسنگ اور بعد میں اس کا اسٹیٹس معلوم کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام استعمال کیا جائے گا۔ اس اقدام سے کاغذی کارروائی کم ہونے اور درخواستوں کی نگرانی آسان ہونے کی توقع ہے۔

حکام نے مکمل دستاویزات فراہم کرنے والے امیدواروں کی درخواستوں پر کارروائی 7 سے 10 دفتری کام کے ایام میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ تاہم درخواست کی منظوری ضروری تصدیق اور پروگرام کی تمام شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگی۔

اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے لیے بھی سہولت

بیرونِ ملک ملازمتیں فراہم کرنے والے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز بھی اس پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ رجسٹریشن کروانا ہوگی۔ رجسٹرڈ پروموٹرز قانونی اور شفاف طریقے سے پنجاب کے شہریوں کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں معاونت کرسکیں گے۔

پروگرام کے تحت اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے آن لائن نظام کے ذریعے رجسٹریشن کرسکتے ہیں۔ اسی طرح بیرونِ ملک ملازمت کی تصدیق شدہ پیشکش رکھنے والے اہل امیدوار بھی متعلقہ آن لائن پورٹل کے ذریعے بلاسود مالی سہولت کے لیے درخواست جمع کرواسکتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔