وزارتِ اطلاعات نے افغان طالبان کا پاکستان سے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کا دعویٰ مسترد کردیا

پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے افغانستان میں ہتھیاروں کی مبینہ اسمگلنگ سے متعلق افغان طالبان کے دعوے کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے دیا۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق یہ دعویٰ مسلمہ حقائق کے منافی ہے اور عالمی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانے کی کوشش ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں جدید ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی بڑی مقدار موجود ہے، جس کی مالیت کا تخمینہ 7.2 ارب امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق افغانستان میں کئی دہائیوں سے جاری تنازعات کے نتیجے میں سوویت دور کے ہتھیاروں کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں، جو افغان سرزمین پر اسلحے کی موجودگی کی ایک اہم وجہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں موجود ایسے ہتھیاروں کو پاکستان سے منسوب کرنے کی کوشش بظاہر عالمی توجہ افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہوں کے زیادہ سنگین مسئلے سے ہٹانے کی کوشش ہے۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کو اب بھی پناہ، سہولت کاری اور کارروائی کی آزادی حاصل ہے، جبکہ یہ گروہ وہیں سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی، معاونت اور کارروائیاں کر رہے ہیں۔
پاکستانی وزارتِ اطلاعات نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد الزامات کے بجائے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان حکام اپنے وعدوں کی پاسداری یقینی بنائیں اور افغان سرزمین کو پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










