ہفتہ، 15-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

جشن آزادی سے قبل لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑا ایکشن

10 اگست, 2026 09:44

جشن آزادی سے قبل لاہور ٹریفک پولیس نے وہیل سواری، کم عمر ڈرائیونگ، لاپرواہی سے گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے، سائیڈ مرر کے بغیر موٹرسائیکل چلانے، غیر ضروری شور اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکلوں پر سائیڈ مرر نہ لگانے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موٹرسائیکل پر سائیڈ مرر کا استعمال محفوظ سفر کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے مرر کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کو بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے تمام سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ بالخصوص بڑی اور مصروف شاہراہوں پر وہیل سواروں، کم عمر ڈرائیوروں اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں کی جائیں۔

ٹریفک پولیس نے ایسے موٹرسائیکل مکینکس کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو خطرناک سواری کے لیے موٹرسائیکلوں میں غیر قانونی تبدیلیاں کرتے ہیں۔ ایسے مکینکس کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو موٹرسائیکلوں کے سائلنسر نکالتے، ایگزاسٹ سسٹم میں تبدیلی کرتے یا وہیل سواری کے لیے دیگر غیر قانونی ترمیم کرتے ہیں۔

یوم آزادی کی تقریبات کے دوران سائلنسر کے بغیر موٹرسائیکل چلانے، ایگزاسٹ بفلز نکالنے اور غیر معمولی شور کے ذریعے شہریوں کے لیے پریشانی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کی مختلف موٹرسائیکل مارکیٹوں میں آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ اس دوران مکینکس کو موٹرسائیکلوں میں غیر قانونی تبدیلیوں کے قانونی نتائج سے آگاہ کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس ایسے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی نگرانی کرے گی جو وہیل رائڈنگ، خطرناک ڈرائیونگ یا سڑکوں پر غنڈہ گردی کو فروغ دیتے یا اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

لاہور کی بڑی شاہراہوں اور غیر محفوظ مقامات پر لاپرواہ موٹرسائیکل سواروں اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر انفورسمنٹ آپریشن کیا جائے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خطرناک ڈرائیونگ اور وہیل سواری سے روکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خطرناک ڈرائیونگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے یا جان جانے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔