منگل، 11-اگست،2026
پیر 1448/02/27هـ (10-08-2026م)

خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے بڑا ریلیف، الاؤنس اور پنشن میں اضافہ

10 اگست, 2026 10:32

پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ بلدیات نے معذور سرکاری ملازمین کے خصوصی کنوینس الاؤنس اور لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کردیا ہے۔

محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معذور سرکاری ملازمین کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔ نئے الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق الاؤنس میں اضافے کا فائدہ لوکل کونسل بورڈ کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے اہل معذور ملازمین کو بھی ہوگا۔

محکمہ بلدیات کے مطابق خصوصی کنوینس الاؤنس فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ شرائط و ضوابط کے تحت ادا کیا جائے گا۔ الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ لوکل کونسل بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔

پنشنرز کے لیے بھی بڑا ریلیف

دوسری جانب لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام متعلقہ پنشنرز کی نیٹ پنشن میں 7 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

پنشن میں اضافے سے لوکل کونسل بورڈ کے علاوہ لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور خیبرپختونخوا کی تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے پنشنرز بھی مستفید ہوں گے۔

حکام کے مطابق الاؤنس اور پنشن میں اضافے کا مقصد موجودہ معاشی حالات میں سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو اضافی مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔