آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام؛ انوارالحق کاکڑ کی 6 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست

اسلام آباد: سینیٹر اور سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے تحت ملک کے 21 مختلف اسٹیشنز سے شریک 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست کی، جس میں بلوچستان کی تاریخ، علیحدگی پسند بیانیے، دہشت گردی، انسانی حقوق، قومی سلامتی اور نوجوانوں کے کردار سمیت مختلف اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل علیحدگی پسندی یا تشدد میں نہیں بلکہ آئینی، سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی ذرائع کے مؤثر استعمال میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں علیحدگی پسند اور دہشت گرد تنظیموں کی سیاسی حکمت عملی کا بنیادی ذریعہ تشدد ہے، جس سے خطے میں امن، ترقی اور عام شہریوں کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔
سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فتنۂ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ اور ان کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کے مسافروں، موسیٰ خیل میں شہریوں اور تربت میں مزدوروں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق اور حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ان کے مطابق معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔
سابق نگران وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ انتہاپسند اور ریاست مخالف بیانیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے خود کو ذہنی، علمی اور فکری طور پر تیار کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد صرف سکیورٹی اقدامات تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کے لیے فکری اور ابلاغی محاذ پر بھی مؤثر حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اس جدوجہد میں زبان کی طاقت، دلیل، علم، ابلاغ اور ذہنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں استعمال کرنا ہوگا تاکہ نوجوان منفی اور انتہاپسندانہ بیانیوں کا مؤثر جواب دے سکیں۔
آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام کے تحت ملک کے مختلف علاقوں سے طلبہ و طالبات کو قومی سلامتی، دفاع، تاریخ، موجودہ علاقائی صورتحال اور دیگر اہم امور کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔
اس پروگرام میں 21 مختلف اسٹیشنز سے 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ و طالبات کی شرکت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ نوجوان نسل قومی اور ریاستی امور کو سمجھنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
خصوصی نشست کے دوران طلبہ کو بلوچستان کے تاریخی و موجودہ حالات، دہشت گردی کے چیلنجز اور قومی سلامتی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو سننے کا موقع ملا، جبکہ نوجوانوں کو ملک کے مستقبل میں اپنے کردار کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










