ہفتہ، 15-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

سعودی عرب ٹورسٹ ویزا کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار، جعلی دستاویزات پر مسافر آف لوڈ

11 اگست, 2026 11:20

اسلام آباد: سعودی عرب کا ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی مسافروں کے لیے اہم تنبیہ سامنے آگئی۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر سعودی عرب کا ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے والے ایک مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کردیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی 8 اگست 2026 کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران کی گئی۔ مسافر پی آئی اے کی پرواز PK-841 کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہونے والا تھا، تاہم سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کے دوران اہم بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

حکام کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے مسافر نے امریکی پرمیننٹ ریزیڈنٹ کارڈ کی جعلی دستاویزات استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب کا ٹورسٹ ویزا حاصل کیا تھا۔

امیگریشن حکام نے دستاویزات کی جانچ کے دوران جعلی معلومات اور غلط بیانی کی نشاندہی کی، جس کے بعد مسافر کو سفر سے روک دیا گیا۔

ایجنٹ کو 2 لاکھ 20 ہزار روپے دینے کا انکشاف

ابتدائی تفتیش کے دوران مسافر نے حکام کو بتایا کہ اس نے سعودی ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے کے لیے حسین نامی ایجنٹ کو 2 لاکھ 20 ہزار روپے ادا کیے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافر کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کردیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ویزا کے حصول میں مبینہ طور پر معاونت کرنے والے ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

مسافروں کو جعلی دستاویزات سے گریز کی ہدایت

اس واقعے کے بعد ایک بار پھر یہ بات سامنے آئی ہے کہ بیرون ملک سفر یا ویزا حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات اور غلط معلومات کا استعمال مسافر کو قانونی مشکلات سے دوچار کرسکتا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے امیگریشن کاؤنٹرز پر سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے، جبکہ مشکوک کیسز میں اضافی تصدیق اور پروفائلنگ بھی کی جاسکتی ہے۔ ایسے میں مسافروں کو چاہیے کہ ویزا اور دیگر سفری دستاویزات صرف قابلِ اعتماد اور قانونی ذرائع سے حاصل کریں اور کسی ایجنٹ کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات کی تصدیق ضرور کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔