ہفتہ، 15-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

پاکستانی نرسوں کے لیے امریکا میں روزگار کے مواقع، اہم پیش رفت سامنے آگئی

11 اگست, 2026 11:45

نیویارک: پاکستانی نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے امریکا میں روزگار، پیشہ ورانہ تربیت اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان طبی افرادی قوت، نرسنگ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جا رہے ہیں۔

مفاہمت کی یادداشت امریکن پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن (APEF) اور پاکستان ایجوکیشن اینڈ ایمپلائمنٹ فاؤنڈیشن (Pak EEF) کے درمیان نیویارک میں طے پائے گی۔ معاہدے پر اے پی پی اے سی فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر اعجاز احمد اور پاک ای ای ایف کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سیدہ ہاجرہ سہیل دستخط کریں گی۔

مجوزہ معاہدے کے تحت دونوں ادارے پاکستان سے تعلق رکھنے والی اہل نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے امریکا میں پیشہ ورانہ مواقع تک رسائی آسان بنانے کے لیے تعاون کریں گے۔ اس میں اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تیاری، تربیت، لائسنسنگ، اسناد کے حصول اور پیشہ ورانہ اہلیت سے متعلق ضروری تقاضے پورے کرنے میں معاونت شامل ہوگی۔

پاکستانی طبی ماہرین کے لیے امریکا میں راستے ہموار کرنے کا منصوبہ

اس تعاون کا مقصد امریکا میں صحت کے شعبے سے وابستہ اسپتالوں، طبی اداروں، نرسنگ مراکز اور تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط اور شراکت داری کو فروغ دینا ہے، تاکہ پاکستان میں تربیت یافتہ طبی ماہرین کو اپنی صلاحیتیں بین الاقوامی سطح پر استعمال کرنے کے مزید مواقع مل سکیں۔

امریکن پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن امریکا میں قائم ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، جو پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیم، طبی افرادی قوت کی ترقی، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور کمیونٹی سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام کرتا ہے۔

یہ منصوبہ اے پی پی اے سی نے نیویارک ریاستی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس کے تعاون سے شروع کیا تھا۔ اس سلسلے میں اے پی پی اے سی کے بورڈ ارکان پاکستان کے دو دورے بھی کرچکے ہیں، جہاں انہوں نے متعلقہ اداروں اور طبی شعبے کے ماہرین سے ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں کے دوران نرسنگ، طبی تعلیم، معاون طبی شعبوں، افرادی قوت کی تیاری اور پیشہ ورانہ تربیت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور امریکا کے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

2 ہزار 759 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی

دوسری جانب پاک ای ای ایف نے پاکستانی رجسٹرڈ نرسوں کو امریکا میں نرسنگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے تیار کرنے کی غرض سے نیشنل کونسل لائسنسور ایگزامینیشن (NCLEX) نرس پلیسمنٹ پروگرام بھی شروع کر رکھا ہے۔

ادارے کے مطابق ملک گیر رجسٹریشن مہم کے دوران 2 ہزار 759 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے جانچ پڑتال اور انتخاب کے بعد 300 اہل نرسوں کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا۔

پاک ای ای ایف کے مطابق اب تک 80 سے زائد پاکستانی نرسیں NCLEX لائسنس حاصل کرچکی ہیں اور بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہیں، جبکہ مزید 220 سے زائد نرسیں امتحانی عمل کے مختلف مراحل میں ہیں۔

اس پروگرام کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے پاکستانی امیدواروں کو مہنگے بین الاقوامی امتحان کی تیاری اور اسے پاکستان میں رہتے ہوئے مکمل کرنے کے لیے معاونت فراہم کی گئی ہے۔

اسپتالوں اور ممکنہ امریکی آجروں سے روابط کا منصوبہ

نئی مفاہمتی یادداشت کے بعد اے پی پی اے سی فاؤنڈیشن امریکا میں اسپتالوں، صحت کے نظام، نرسنگ مراکز، تعلیمی اداروں، پیشہ ورانہ تنظیموں اور ممکنہ آجر اداروں کے ساتھ روابط قائم کرنے کے لیے کام کرے گی۔

مقصد یہ ہے کہ مطلوبہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہلیت رکھنے والے پاکستانی نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔

دوسری جانب پاک ای ای ایف ایسے نرسوں اور طبی ماہرین کی نشاندہی اور معاونت کرے گا جو مناسب تعلیمی پس منظر اور پیشہ ورانہ اہلیت رکھتے ہیں اور امریکا میں مزید تعلیم، تربیت یا روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ادارہ امیدواروں کو پیشہ ورانہ تیاری، لائسنسنگ امتحانات، اسناد کے حصول، دستاویزات کی تکمیل اور دیگر ضروری تقاضے پورے کرنے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

وظائف اور تربیتی شراکت داری بھی زیر غور

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے جامعات، نرسنگ اسکولوں، اسپتالوں، تربیتی مراکز اور پیشہ ورانہ تنظیموں کے ساتھ مل کر نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے نئے تعلیمی و تربیتی پروگرام تشکیل دینے یا پہلے سے موجود پروگراموں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی کام کرسکیں گے۔

اس کے علاوہ وظائف، تعلیمی معاونت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور تربیتی شراکت داری کے امکانات بھی تلاش کیے جائیں گے۔ دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستانی طبی ماہرین، بالخصوص نرسیں، بین الاقوامی سطح پر پیشہ ورانہ مواقع حاصل کرنے کے لیے مختلف لائسنسنگ اور تربیتی مراحل سے گزر رہے ہیں۔ مجوزہ تعاون ان ماہرین کو مطلوبہ تیاری، اسناد اور روزگار کے مواقع تک رسائی کے لیے ایک منظم راستہ فراہم کرنے کی کوشش ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔