حج 2027 مکمل ڈیجیٹل، پاکستانی عازمین گھر بیٹھے درخواست جمع کراسکیں گے

سعودی حکومت کا حج 2025 کیلئے اہم شرط کا اعلان
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ حج کے لیے درخواست دینے کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کردیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستانی عازمین گھر بیٹھے حج درخواستیں جمع کراسکیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حج کے انتظامات کو ڈیجیٹل بنانے کا مقصد عازمین کو طویل قطاروں، انتظار اور غیر ضروری دفتری مراحل سے بچانا ہے۔ ان کے مطابق تقریباً 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین گھر بیٹھے حج کے لیے درخواست دینے کے عمل میں شامل ہوسکیں گے۔
حج اخراجات جمع کرانے کے 3 طریقے
سردار محمد یوسف کے مطابق عازمین حج اخراجات کی ادائیگی کے لیے تین طریقے استعمال کرسکیں گے۔ درخواست گزار کریڈٹ کارڈ یا PSID کے ذریعے رقم جمع کراسکتے ہیں، جبکہ چالان فارم پرنٹ کرکے نقد رقم جمع کرانے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے لیے 1 لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ مختص ہے۔ حج اخراجات کی پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع کی جائے گی، جبکہ دوسری قسط اکتوبر میں وصول کی جائے گی۔
حج درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور سرکاری حج اسکیم کا مختص کوٹہ مکمل ہونے کے بعد درخواستیں وصول کرنے کا عمل روک دیا جائے گا۔
نجی حج اسکیم کے لیے بھی ڈیجیٹل سہولت
وفاقی وزیر مذہبی امور کے مطابق نجی حج اسکیم کے تحت جانے کے خواہشمند عازمین بھی پاک حج ایپ کے ذریعے اپنی پسند کے نجی حج آپریٹر کا انتخاب کرسکیں گے۔
انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ نجی حج آپریٹرز کو رقم براہ راست ادا کرنے سے گریز کریں اور ادائیگی کے لیے مقررہ سرکاری طریقہ کار اختیار کریں۔
حکام کے مطابق حج درخواستوں کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے سے نہ صرف عازمین کے لیے سہولت پیدا ہوگی بلکہ درخواستوں، ادائیگیوں اور حج انتظامات کی نگرانی کو بھی زیادہ شفاف اور منظم بنانے میں مدد ملے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











