جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

صدر زرداری نے 5 ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی

11 اگست, 2026 11:49

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے لاہور، سندھ، پشاور، اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری دے دی۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے مختلف ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی ہے، جبکہ لاہور اور سندھ ہائیکورٹ کے بعض ایڈیشنل ججز کو مستقل ججز کے طور پر برقرار رکھنے کی بھی توثیق کر دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے سے متعلق سمری پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔

صدر مملکت نے ہائیکورٹ کے ججز کی رخصت، پنشن اور دیگر مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔

دریں اثنا صدر مملکت نے ہارون اختر کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

یاد رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے 20 اور 21 جولائی کو ہونے والے اجلاسوں میں مختلف ہائیکورٹس میں 19 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی سفارش کی گئی تھی۔ اجلاس میں 5 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے اور ایک جج کی مدت ملازمت میں توسیع کی سفارش بھی کی گئی تھی۔

ججز کی تقرری سے متعلق سمری پر صدر مملکت کے دستخط نہ ہونے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔ اب صدر کی جانب سے تقرریوں کی منظوری کے بعد ججز کی نامزدگی سے متعلق معاملہ آگے بڑھنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

صدر مملکت کی منظوری کے بعد متعلقہ ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی کا عمل مکمل ہونے کی توقع ہے، جس سے عدالتی امور کی انجام دہی اور زیرِ سماعت مقدمات کی کارروائی میں بھی تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔