ہفتہ، 15-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

سولر بجلی ذخیرہ کرکے رات کو فروخت کرنے کا منصوبہ، لیسکو کا ابتدائی اقدام

11 اگست, 2026 14:14

لاہور: حکومت نے سولر سسٹمز سے دن کے اوقات میں گرڈ کو فراہم ہونے والی اضافی بجلی کو بیٹری اسٹوریج کے ذریعے محفوظ کرکے رات کے وقت صارفین کو فراہم کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس منصوبے کو لاہور کے ان علاقوں میں آزمانے کی تجویز ہے جہاں سولر بجلی کی پیداوار زیادہ ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے کے تحت سولر سسٹمز سے گرڈ میں ایکسپورٹ ہونے والی اضافی بجلی کو متعلقہ گرڈ اسٹیشنز پر نصب بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز میں محفوظ کیا جائے گا۔ دن کے وقت جمع کی گئی بجلی کو ضرورت کے مطابق رات میں اسی فیڈر سے منسلک صارفین کو فراہم کیا جائے گا۔

سولر بجلی کی خرید و فروخت کے نرخ

ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے میں نیٹ میٹرنگ پالیسی کے تحت صارفین سے سولر بجلی تقریباً 25 روپے فی یونٹ کے حساب سے خریدنے جبکہ رات کے اوقات میں ذخیرہ شدہ بجلی 50 روپے فی یونٹ کے حساب سے صارفین کو فراہم کرنے کی تجویز ہے۔

اسی طرح نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت دن میں سولر بجلی تقریباً 8 روپے فی یونٹ کے حساب سے حاصل کی جائے گی، جبکہ بیٹری میں محفوظ بجلی رات کے وقت 50 روپے فی یونٹ کے نرخ پر فروخت کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

تاہم ان نرخوں اور منصوبے کی حتمی تفصیلات کا انحصار متعلقہ حکام کی منظوری اور طے کیے جانے والے قواعد و ضوابط پر ہوگا۔

ڈیفنس گرڈ اسٹیشن سے پائلٹ منصوبہ شروع ہونے کا امکان

ذرائع کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ابتدائی طور پر ڈیفنس گرڈ اسٹیشن پر بیٹری اسٹوریج منصوبہ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کے ڈیفنس اور جوہر ٹاؤن ایسے علاقوں میں شامل ہیں جہاں گھریلو اور کمرشل صارفین کی جانب سے سولر سسٹمز کا استعمال نمایاں ہے، جس کے باعث ان علاقوں کو ابتدائی مرحلے کے لیے موزوں سمجھا جارہا ہے۔

سولر بجلی کے بڑھتے استعمال کے تناظر میں منصوبہ

ملک میں سولر سسٹمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث دن کے اوقات میں بعض علاقوں کے بجلی کے نظام میں اضافی شمسی بجلی کی مقدار بڑھ رہی ہے۔ بیٹری اسٹوریج کا بنیادی مقصد اسی اضافی بجلی کو ضائع ہونے سے بچانا اور اسے ایسے وقت میں استعمال کرنا ہے جب شمسی پیداوار دستیاب نہیں ہوتی۔

اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو بیٹری اسٹوریج سسٹمز کے ذریعے دن میں پیدا ہونے والی اضافی سولر بجلی کو شام اور رات کے اوقات میں استعمال کرنے کی صلاحیت پیدا ہوسکے گی۔

تاہم منصوبے کے عملی نفاذ، بجلی کے نرخوں اور صارفین پر اس کے مالی اثرات کے بارے میں حتمی صورتحال متعلقہ اداروں کی منظوری اور باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہوگی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔