اپنی چھت اپنا گھر پروگرام: 14 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول، 1 لاکھ 80 ہزار خاندانوں کو قرض جاری

Big Update for Home Applicants
لاہور: پنجاب حکومت کے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام میں شہریوں کی بڑی تعداد نے دلچسپی ظاہر کی ہے، پروگرام کے پورٹل پر اب تک 14 لاکھ 56 ہزار 664 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ 10 لاکھ 79 ہزار 224 درخواستوں کی سکروٹنی مکمل کرلی گئی ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین سے ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے ملاقات کی، جس میں پروگرام پر پیش رفت اور مستحق خاندانوں کو قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد خاندانوں کو قرض جاری
صوبائی وزیر بلال یاسین کے مطابق ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار 297 خاندانوں کو گھر تعمیر کرنے کے لیے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔
ان کے مطابق قرض حاصل کرنے والے خاندانوں میں سے ایک لاکھ 9 ہزار 946 خاندانوں کے گھر مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ مزید 39 ہزار 943 گھروں کی تعمیر جاری ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق پروگرام کے تحت اب تک مجموعی طور پر 232 ارب 9 کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
مزید 13 ہزار 314 خاندانوں میں قرضوں کی تقسیم کے لیے 19 ارب 56 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے پروگرام کے تحت مزید خاندانوں کو گھر کی تعمیر میں مالی معاونت ملنے کی توقع ہے۔
بلا سود قرضوں کی فراہمی پر زور
بلال یاسین نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا یہ منصوبہ شہریوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم اقدام ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب جلد ابتدائی درخواست گزاروں کو بھی قرضے جاری کریں گی۔ انہوں نے تمام اضلاع کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستحق خاندانوں میں قرضوں کی بروقت تقسیم ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے پروگرام پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے کے ساتھ درخواستوں کی سکروٹنی اور قرضوں کی تقسیم کے پورے عمل میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
گھر بنانے کے لیے مالی معاونت
’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کا بنیادی مقصد ایسے مستحق خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے جو محدود وسائل کے باعث اپنی رہائش گاہ تعمیر کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت بڑی تعداد میں گھر مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ ہزاروں خاندانوں کے گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔ آئندہ مرحلے میں مزید اہل درخواست گزاروں کو قرض فراہم کرنے کے لیے مختص فنڈز استعمال کیے جائیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











