امریکا ایران جنگ بندی میں پاکستان کا بطور ثالث اہم کردار، عالمی سطح پر پاکستان کی امن کاوشوں کا برملا اعتراف

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ عالمی جریدے ساؤتھ ایشین وائسز کی ایک اشاعت میں اسلام آباد کی سفارتی سرگرمیوں کو دونوں فریقوں کے درمیان رابطے بحال کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا ہے۔
جریدے کے مطابق امریکا ایران جنگ بندی کے لیے اسلام آباد معاہدے کی کوششوں میں پاکستان اور قطر نے اہم کردار ادا کیا اور دونوں ممالک اب بھی کشیدگی کم کرنے اور فریقین کو مذاکرات کی جانب واپس لانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ساؤتھ ایشین وائسز کے تجزیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنی سفارتی صلاحیت اور دونوں ممالک کے ساتھ روابط کی وجہ سے امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے میں مدد دے سکتا ہے۔ واشنگٹن کے ساتھ پاکستان کی فوجی و اسٹریٹجک شراکت داری جبکہ تہران کے ساتھ تاریخی تعلقات اسلام آباد کو ایک منفرد سفارتی مقام فراہم کرتے ہیں۔
جریدے کے مطابق پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آغاز ہی سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تجزیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور قطر جولائی میں ایران اور امریکا کے سامنے جنگ بندی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے سے متعلق مشترکہ تجویز بھی پیش کر چکے ہیں، جس سے دونوں ممالک کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا اندازہ ہوتا ہے۔
ساؤتھ ایشین وائسز کے مطابق ایران کو معاشی دباؤ اور بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا ہے، جبکہ امریکا بھی طویل جنگ کے اخراجات اور محدود فوجی وسائل کے باعث دباؤ میں ہے۔ ایسی صورتحال میں مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازع کو کم کرنے کی کوششیں مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہیں۔
جریدے نے پاکستان کے سعودی عرب، چین اور امریکا سمیت خطے کے اہم ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی اس کی سفارتی اہمیت کا ایک اہم سبب قرار دیا۔ تجزیے کے مطابق ایران کے ساتھ تاریخی روابط کے علاوہ مختلف علاقائی طاقتوں کے ساتھ پاکستان کے بیک وقت تعلقات اسے قابل اعتماد ثالث کے طور پر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
تجزیے میں حالیہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو بھی خطے میں اسلام آباد کے بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک کردار کی ایک مثال قرار دیا گیا ہے۔
ساؤتھ ایشین وائسز نے پاکستان کے سابقہ سفارتی کردار کا بھی حوالہ دیا، جس میں امریکا اور چین کے درمیان سفارتی روابط قائم کرانے میں اسلام آباد کی کوششیں اور ایران عراق جنگ کے دوران اس کی سفارتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
جریدے کے مطابق امریکا اور ایران کے موجودہ تنازع سمیت اہم بین الاقوامی معاملات میں پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کا اعتراف عالمی سطح پر اسلام آباد کے سفارتی قد کاٹھ اور علاقائی اہمیت کو مزید نمایاں کرتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










