اپنا گھر پروگرام: 220 ارب روپے کے قرضے تقسیم کے لیے تیار

PM Apna Ghar Applicants Get Good News
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 220 ارب 68 کروڑ روپے سے زائد کے منظور شدہ قرضے تقسیم کے لیے تیار ہیں، جبکہ جولائی تک 34 ارب 27 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس تک رسائی سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کے 2026-28 ایکسیس ٹو فنانس پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں ایس ایم ایز، زراعت اور ہاؤسنگ فنانس کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔ ترجیحی شعبوں کے لیے قرضوں تک رسائی بہتر بنانے کے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ہول سیل فنانسنگ کے مجوزہ فریم ورک کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ بینکوں سے مشاورت کے بعد فریم ورک کو حتمی شکل دی جائے گی۔
کمیٹی نے ایس ایم ای، زرعی اور ہاؤسنگ فنانس سے متعلق ڈیش بورڈز اور پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کو ڈیش بورڈز باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں زرعی شعبے کے لیے فنانسنگ بڑھانے اور کاشتکاروں تک قرضوں کی رسائی میں توسیع کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر کراپ لون انشورنس اسکیم کو ایریا ییلڈ انشورنس کی جانب منتقل کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
وزیر خزانہ نے کاشتکاروں کے لیے فنانسنگ اور ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے بینکوں، نان بینک فنانشل اداروں اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت جولائی تک 34 ارب 27 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ بینکوں کی جانب سے 220 ارب 68 کروڑ روپے سے زائد کے قرضے منظور کیے گئے ہیں۔ منظور شدہ تمام قرضے تقسیم کے لیے تیار ہیں۔
اجلاس میں کم لاگت ہاؤسنگ فنانس کو مزید آسان بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے زمین اور جائیداد کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں پاکستان ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفیکیشن پروگرام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت 1200 سے زائد الیکٹرک بائیکس صارفین کو فراہم کی جاچکی ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق اس اقدام سے صارفین کے طویل مدتی اخراجات اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔
کمیٹی نے ایکسیس ٹو فنانس پلان پر مؤثر عملدرآمد کے لیے وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اور بینکوں کے درمیان تعاون اور رابطہ مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











