پیر، 24-اگست،2026
اتوار 1448/03/10هـ (23-08-2026م)

محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خصوصی پیغام پہنچایا؛ ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

12 اگست, 2026 12:36

تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے تہران میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی سکیورٹی صورتحال پر اہم امور زیر بحث آئے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور معاہدے کے خدوخال سے آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ محسن نقوی نے گزشتہ روز تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی تھی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور پاکستان ایران تعلقات سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔

ان کے مطابق دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے سے باہمی مفادات کو تقویت ملے گی جبکہ علاقائی سکیورٹی اور استحکام بھی مضبوط ہوگا۔

مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات خطے کی سکیورٹی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔

انہوں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں اسلام آباد کے ساتھ تعلقات مزید گہرے کرنے میں ایران کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون بڑھانے اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔