جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

پاکستان کے فضائی نقشے پر نئی ایئر لائن کا اضافہ، ساؤتھ ایئر نے پروازیں شروع کردیں

13 اگست, 2026 08:57

پاکستان میں نئی ایئر لائن ساؤتھ ایئر نے باقاعدہ فضائی آپریشن کا آغاز کردیا، جس کے ساتھ تربت اور بہاولپور کا طویل عرصے بعد فضائی رابطہ بھی بحال ہوگیا۔

ساؤتھ ایئر کے فضائی آپریشن کے آغاز کے موقع پر کراچی ایئرپورٹ سے دو پروازوں کو روانہ کیا گیا، جبکہ ایئر لائن نے پہلے روز مختلف روٹس پر مجموعی طور پر 8 پروازیں آپریٹ کیں۔

ساؤتھ ایئر کی جانب سے کراچی، بہاولپور، تربت، اسلام آباد اور کوئٹہ کے درمیان پروازیں چلائی گئیں، جبکہ کراچی، تربت اور کوئٹہ کے روٹس پر بھی 4 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔

فضائی آپریشن کے افتتاح کے موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساؤتھ ایئر کے آغاز سے بلوچستان میں فضائی رابطوں کو فروغ ملے گا اور صوبے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

ساؤتھ ایئر انتظامیہ نے پاکستان میں فلائٹ آپریشن کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزارت دفاع اور ایس آئی ایف سی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

ایئر لائن حکام نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی حکومتوں اور عوام کے تعاون کو بھی سراہا۔

ساؤتھ ایئر حکام کے مطابق فلائٹ آپریشن کا آغاز شہری مراکز اور دور دراز علاقوں کے درمیان طویل عرصے سے موجود فضائی رابطوں کے خلا کو پُر کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ محفوظ، معیاری اور کم لاگت فضائی سفر کی سہولت سے ملک میں سیاحت، تجارت اور صحت کے شعبوں کو فروغ ملے گا۔

ساؤتھ ایئر اپنے فضائی بیڑے میں مزید طیارے شامل کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔ ایئر لائن کے منصوبے کے مطابق اگلے مرحلے میں چترال، اسکردو، گلگت، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفرآباد، راولا کوٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر شہروں کیلئے بھی پروازیں شروع کی جائیں گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔