ہفتہ، 15-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

ملک میں بارشوں کا نیا اسپیل، 15 اگست تک تیز بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی

13 اگست, 2026 10:20

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے 13 سے 15 اگست کے دوران مختلف علاقوں میں تیز بارش، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں اور مغربی لہر اس وقت ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں، جس کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کا امکان

لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں 13 اگست کی شام یا رات سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

سرگودھا، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ کے جنوب مشرقی اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ سمیت بعض ساحلی علاقوں میں 12 اور 13 اگست کو بارش متوقع ہے۔ تاہم صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان برقرار ہے۔

شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔

شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین ہدایات پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متوقع بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔