جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

کراچی والوں کیلئے یوم آزادی پر سندھ حکومت کا بڑا تحفہ، پانی و سیوریج چارجز میں 7.05 فیصد اضافہ

13 اگست, 2026 13:28

کراچی: سندھ حکومت نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے پانی اور سیوریج کے نظرثانی شدہ ٹیرف کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت شہریوں کے لیے پانی اور سیوریج چارجز میں 7.05 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی پانی و سیوریج چارجز میں اضافہ یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ نئے ٹیرف میں مختلف کیٹیگریز کے صارفین کے لیے چارجز میں نظرثانی کی گئی ہے، جبکہ اضافے کی بنیاد اوسط کنزیومر پرائس انڈیکس کو بنایا گیا ہے۔

نظرثانی شدہ ٹیرف کے تحت رہائشی علاقوں میں پانی اور سیوریج کے ماہانہ چارجز پلاٹ کے رقبے کے حساب سے مقرر کیے گئے ہیں۔ اس طرح مختلف رقبے کے رہائشی پلاٹس کے مالکان سے مقررہ ٹیرف کے مطابق ماہانہ چارجز وصول کیے جائیں گے۔

نئے ٹیرف میں دکانوں، کاروباری مراکز اور دیگر کمرشل صارفین کے لیے بھی فکسڈ ماہانہ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد پانی اور سیوریج کی خدمات سے حاصل ہونے والے ریونیو میں اضافہ اور ادارے کی مالی بنیاد کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق نظرثانی شدہ ٹیرف کا بنیادی مقصد ادارے کے ریونیو بیس کو مضبوط بنانا اور پانی و سیوریج کی خدمات سے متعلق مالی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنا ہے۔

دوسری جانب کراچی کے شہری پہلے ہی پانی کی فراہمی کے مسائل سے دوچار ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں لائنوں کے ذریعے پانی کی غیر یقینی فراہمی کے باعث شہریوں کو متبادل ذرائع سے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی قلت ایک مستقل مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

ایسے میں پانی اور سیوریج چارجز میں اضافے سے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر ان علاقوں کے رہائشیوں کے لیے صورتحال مزید مشکل ہوسکتی ہے جہاں پانی کی فراہمی باقاعدگی سے نہیں ہوتی اور شہریوں کو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔