افواجِ پاکستان کی قوم کو 79ویں جشنِ آزادی پر مبارکباد، شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

راولپنڈی: افواجِ پاکستان نے قوم کو پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج تمام خطرات کے خلاف وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مادرِ وطن کے دفاع کا عزم برقرار رکھتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بانیانِ پاکستان کا وژن اور ان کے اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور قومی اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کے ساتھ متحد ہوکر ملک میں امن، استحکام اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔
مسلح افواج نے قوم کو اتحاد، قومی یکجہتی اور برداشت کو فروغ دینے کا پیغام بھی دیا۔ اس موقع پر افواجِ پاکستان نے ملک کے غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام پیش کیا جبکہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ آزادی کا موقع اس عزم کی تجدید کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ قومی اتحاد، یکجہتی اور باہمی احترام کے ذریعے پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








