کراچی میں جشنِ آزادی پر ہوائی فائرنگ، خاتون جاں بحق، 70 سے زائد افراد زخمی

کراچی: پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات نے خوشیوں کو سوگ میں بدل دیا، جہاں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کی زد میں آکر ایک خاتون جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی رات 12 بجتے ہی جشنِ آزادی کا آغاز ہوگیا اور شہریوں نے مختلف علاقوں میں آتش بازی، چراغاں اور قومی پرچم لہرا کر یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں۔ تاہم پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ سے باز رہنے کی سخت ہدایات کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی، جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ فائرنگ سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
زخمیوں کو جناح اسپتال، سول اسپتال اور عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کی جانب سے جشنِ آزادی کے موقع پر شہریوں کو ہوائی فائرنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں سے فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئیں۔
حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ ایک خطرناک عمل ہے جس کے نتیجے میں جشن کی خوشیاں منانے والے شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔ واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کے لیے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








