79 ویں جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

کراچی: پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر کراچی میں بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی آج 14 اگست کو یومِ آزادی قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز مختلف مقامات پر توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد ملکی ترقی، سلامتی، امن، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
یومِ آزادی کی مناسبت سے مزارِ قائد پر ہونے والی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے بانیِ پاکستان کے مزار کی حفاظت کے لیے اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزارِ قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالتے ہیں، جو بانیِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی ایک اہم قومی روایت ہے۔
مزارِ قائد پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز دو دستوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہوتا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تھے، جنہوں نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر مزارِ قائد پر موجود شرکا نے بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی خدمات اور قیامِ پاکستان کے لیے ان کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ ملکی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








