پاکستانی طلباء کے برطانوی ویزوں میں تاخیر، ہائی کمشنر کی مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی

برطانوی ویزا کے خواہشمند پاکستانیوں کیلیے بڑی خبر
پاکستانی طلباء کے لیے برطانیہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ اہم پیش رفت کے بعد حل ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ویزوں میں تاخیر دور کرنے کے لیے تعاون اور ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرا دی۔
وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، تعلیمی روابط اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینکڑوں پاکستانی طلباء ویزوں میں تاخیر سے متاثر
ملاقات کے دوران اعظم نذیر تارڑ نے پاکستانی طلباء کے برطانوی ویزوں میں تاخیر کا معاملہ خصوصی طور پر اٹھایا۔ وفاقی وزیر نے برطانوی ہائی کمشنر کو حکومت پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سینکڑوں پاکستانی طلباء ویزوں میں تاخیر کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ویزوں کے بروقت اجرا میں تاخیر کے باعث متعدد طلباء کا تعلیمی سال ضائع ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے زور دیا کہ پاکستانی طلباء کے لیے بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے مواقع میں حائل غیر ضروری رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر اہم کمیٹی بھی سرگرم
اعظم نذیر تارڑ نے برطانوی ہائی کمشنر کو بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بیرون ملک زیر تعلیم پاکستانی طلباء سے متعلق قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو بہتر بنانے کے لیے ان کی سربراہی میں ایک کمیٹی کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق کمیٹی نے اس معاملے پر اپنی سفارشات بھی مرتب کر لی ہیں، جبکہ پاکستانی طلباء کے بیرون ملک تعلیم سے متعلق قانونی و ادارہ جاتی نظام کو مزید مؤثر بنانے پر کام جاری ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر کی یقین دہانی
ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانی طلباء کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ حل کرنے کے لیے تعاون اور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں جانب سے اس بات پر بھی گفتگو ہوئی کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے، جبکہ دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان تعاون اور روابط کو بھی مزید مستحکم کیا جائے۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک بھی موجود تھے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









