راولپنڈی میں افسوسناک حادثہ، ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے 28 سالہ خاتون بائیکر دریائے سواں میں جاں بحق

راولپنڈی میں سوشل میڈیا ویڈیو بنانے کے دوران افسوسناک حادثہ پیش آیا، سواں پل کے قریب 28 سالہ خاتون بائیکر اور سوشل میڈیا کنٹینٹ کریئیٹر کومل جان دریائے سواں میں گر کر جاں بحق ہوگئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں تک سرچ آپریشن جاری رکھنے کے بعد خاتون کی لاش دریا سے نکال لی، جسے ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گلستان کالونی کی رہائشی کومل جان الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ملازمت کرتی تھیں۔ انہیں ہیوی بائیکنگ کا شوق تھا اور وہ سوشل میڈیا کے لیے ویڈیوز بھی بناتی تھیں۔
پولیس کو خاتون کے دریائے سواں میں گرنے کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ایک شہری نے دی، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق سواں پل کے اوپر سے کومل جان کی بائیک، ہینڈ بیگ، ہیلمٹ اور شناختی کارڈ برآمد ہوا، جس کی مدد سے خاتون کی شناخت کی گئی۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی پولیس ٹیم نے دستیاب شواہد اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
پولیس کے مطابق ایک موبائل فون بائیک پر موجود بیگ سے ملا، جبکہ کومل جان دوسرے موبائل فون کے ذریعے سواں ندی کے کنارے ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہی تھیں۔
تحقیقات کے مطابق کومل جان ویڈیو بناتے ہوئے اچانک اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور دریائے سواں میں جا گریں۔
پولیس نے عینی شاہدین کے ابتدائی بیانات بھی قلمبند کر لیے ہیں۔ متوفیہ کے اہل خانہ نے بھی کسی شخص پر شبہ ظاہر نہیں کیا اور واقعے کو حادثہ قرار دیا ہے۔
پوسٹ مارٹم کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پولیس نے کومل جان کی لاش ورثا کے حوالے کردی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









