مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے 1172 اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی متعدد سمریوں کی منظوری دے دی، جن میں مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے 1172 اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری بھی شامل ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی مختلف سمریوں پر دستخط کردیئے ہیں۔
صدر مملکت کی جانب سے منظور کی جانے والی سمریوں میں مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے 1172 اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری شامل ہے۔
یہ اعزازات ملک کے دفاع، سلامتی اور قومی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرنے والے اہلکاروں کی خدمات کے اعتراف میں دیے جائیں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے مختلف سول شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور شہریوں کو قومی اعزازات دینے کی سمری بھی منظور کرلی ہے۔
قومی اعزازات مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے لیے حکومت کی جانب سے اعترافِ خدمت کا اہم ذریعہ ہیں۔
صدر مملکت نے یوم آزادی اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اہل قیدیوں کی سزاؤں میں 100 روز کی معافی کی منظوری بھی دے دی ہے۔
اس منظوری کے تحت مقررہ شرائط پر پورا اترنے والے قیدیوں کو ان کی سزا میں 100 دن کی کمی کا فائدہ حاصل ہوگا۔
صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرنے کی سمری پر بھی دستخط کردیئے ہیں۔
منظور شدہ شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اگست کو شام 5 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس اسی روز شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے ان سمریوں کی منظوری کے بعد فوجی و قومی اعزازات، قیدیوں کی سزا میں رعایت اور پارلیمانی اجلاسوں سے متعلق اہم فیصلوں پر عمل درآمد کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










