کراچی: پانی اور سیوریج بلوں میں اضافہ

کراچی میں پانی اور سیوریج کے بلوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) نے نئے مالی سال کے لیے ٹیرف میں 7.05 فیصد سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی ہے۔ اس اضافے کا اطلاق گھریلو، کمرشل، بلک اور صنعتی صارفین پر ہوگا۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق نئے ٹیرف کے بعد عام گھریلو اور کمرشل صارفین کے ماہانہ بل میں بہت زیادہ اضافہ نہیں ہوگا۔ مالی سال 2025-26 میں ان صارفین کا اوسط ماہانہ بل تقریباً 900 روپے تھا۔ اب مالی سال 2026-27 میں یہ رقم بڑھ کر تقریباً 1000 روپے ماہانہ ہو جائے گی۔
اس حساب سے اوسط صارف کو ہر ماہ تقریباً 100 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔ یعنی سالانہ بنیاد پر دیکھا جائے تو اوسط گھریلو یا کمرشل صارف پر تقریباً 1200 روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ تاہم اصل بل صارف کے استعمال اور موجودہ بل کی رقم کے مطابق مختلف ہو سکتا ہے۔
چیف کمرشل آفیسر واٹر کارپوریشن حارث سرفراز کے مطابق اس ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا اثر کراچی کے تقریباً 12 لاکھ 89 ہزار گھریلو اور کمرشل صارفین پر پڑے گا۔ اس کے علاوہ تقریباً 8 ہزار بلک اور صنعتی صارفین بھی نئے ٹیرف کے تحت آئیں گے۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق بلک اور صنعتی صارفین کے لیے اضافہ حجمی بنیاد پر ہوگا۔ ان صارفین کے پانی کے ٹیرف کو 0.526 پیسہ فی گیلن سے بڑھا کر 0.563 پیسہ فی گیلن کر دیا گیا ہے۔ یہ اضافہ 7.05 فیصد سالانہ کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پانی اور سیوریج کی خدمات فراہم کرنے کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بجلی، ایندھن، مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ شہر کے پرانے پانی اور سیوریج کے نظام کی بحالی پر بھی بھاری اخراجات آتے ہیں۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق موجودہ ٹیرف میں اضافہ ادارے کے آپریشنل اخراجات پورے کرنے کے لیے ضروری ہے۔ اس سے ادارے کو مالی طور پر بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام کا مقصد صرف بلوں میں اضافہ کرنا نہیں بلکہ پانی اور سیوریج کی سہولت کو بہتر بنانا بھی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








