معروف پاکستانی اداکار اظفر علی نے تیسری شادی کا اعلان کردیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان، اداکار اور پروڈیوسر اظفر علی نے اپنی تیسری شادی کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پہلی بار اپنی نئی ازدواجی زندگی کے حوالے سے تفصیلات شیئر کیں۔
اظفر علی ’سب سیٹ ہے‘، ’شاہ رخ کی سالیاں‘ اور ’اب بجے گی شہنائی‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کے باعث پہچانے جاتے ہیں، جبکہ وہ مقبول پروگرام ’اظفر مانی شو‘ کی میزبانی بھی کرچکے ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ نجی زندگی بھی کئی بار خبروں کی زینت بنتی رہی ہے۔
اداکار کی پہلی شادی اداکارہ سلمیٰ حسن سے ہوئی تھی، تاہم دونوں کا رشتہ زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکا اور بعد میں ان میں علیحدگی ہوگئی۔ اس کے بعد اظفر علی نے ڈرامہ ’ہم سفر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ اور میزبان نوین نقوی سے دوسری شادی کی، لیکن یہ رشتہ بھی طلاق پر ختم ہوگیا۔
حالیہ ٹی وی گفتگو میں اظفر علی نے انکشاف کیا کہ ان کی تیسری شادی اکتوبر 2025 میں ہوئی۔ ان کے مطابق یہ ایک ارینج میرج ہے اور ان کے لیے یہ تجربہ انتہائی خوبصورت ثابت ہوا ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سے قبل اپنی تیسری شادی کے بارے میں کیمرے کے سامنے کبھی بات نہیں کی تھی، تاہم اب وہ اس حوالے سے کھل کر گفتگو کررہے ہیں۔
اظفر علی نے بتایا کہ ان کی بہنیں کافی عرصے سے انہیں دوبارہ شادی کرنے پر آمادہ کررہی تھیں، کیونکہ وہ خود شادی میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔ بالآخر ان کی بہن نے ان کے لیے رشتہ تلاش کیا۔
اداکار کے مطابق ان کی اہلیہ ردا اس وقت دبئی میں مقیم تھیں اور شعبۂ انسانی وسائل میں سربراہ کے عہدے پر کام کررہی تھیں۔ شادی سے قبل اظفر علی نے ردا سے پاکستان منتقل ہونے کی درخواست کی، کیونکہ ان کے لیے دبئی میں مستقل رہائش اختیار کرنا ممکن نہیں تھا۔ دونوں کے درمیان تقریباً چھ ماہ تک بات چیت ہوئی، جس کے بعد اکتوبر 2025 میں دونوں نے شادی کرلی۔
اپنی شخصیت اور سوچ میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے اظفر علی نے کہا کہ ان کی دوسری طلاق کو تقریباً 12 سال گزر چکے ہیں۔ اس دوران زندگی کے مختلف تجربات نے انہیں بہت کچھ سکھایا اور وقت کے ساتھ ان کی شخصیت اور رشتوں کو دیکھنے کا انداز بھی بدل گیا۔
اظفر علی کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میں اب وہ رشتے میں اپنی مرضی مسلط کرنے کے بجائے باہمی سمجھ بوجھ اور احترام کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پہلے ان کی توجہ زیادہ تر اپنے کیریئر پر مرکوز رہتی تھی، لیکن اب وہ پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ اپنی ذاتی زندگی اور ازدواجی رشتے کو بھی بھرپور وقت دے رہے ہیں۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












