بھارتی فوج کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت میں سامنے آگئی، گٹھ جوڑ ایک بار پھر ثابت

بھارتی میڈیا پر حمایت کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے قریب کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے حق میں ویڈیوز چلانے کے دعوے نے بھارت اور مذکورہ گروہ کے مبینہ گٹھ جوڑ سے متعلق بحث کو مزید تقویت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق 13 اور 14 اگست، یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر بھارتی فوج نے کیرن سیکٹر میں لائن آف کنٹرول سے تقریباً 75 میٹر کے فاصلے پر بڑی اسکرین کے ذریعے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی اور اس کے سربراہ امان کی حمایت میں ویڈیوز چلائیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں مبینہ طور پر بھارتی فوج کی جانب سے بڑی اسکرین پر کالعدم کمیٹی سے متعلق مواد نشر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس اقدام کو پاکستان مخالف جذبات ابھارنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔
آزاد کشمیر میں کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی کے حوالے سے پاکستان میں پہلے ہی ریاست مخالف سرگرمیوں اور اشتعال انگیز بیانیے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر مذکورہ گروہ کے بیانیے کو پذیرائی نہ ملنے کے بعد بھارتی میڈیا اور اب بھارتی فوج کی مبینہ سرگرمیاں سامنے آنا اس امر کی جانب اشارہ ہے کہ بھارت اس معاملے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا پر کالعدم کمیٹی کے مؤقف کو نمایاں کرنے کے بعد ایل او سی کے قریب اس سے متعلق ویڈیوز چلائے جانے کے دعوے نے بھی معاملے کی حساسیت میں اضافہ کردیا ہے۔
یہ مبینہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی جب آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں 14 اگست کو پاکستان کا یوم آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت نے پاکستان مخالف بیانیے کے لیے مشکلات پیدا کیں، جس کے بعد بھارت کی جانب سے ایل او سی کے قریب اس نوعیت کا پروپیگنڈا مبینہ طور پر اسی بیانیے کو تقویت دینے کی کوشش ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر بھارتی فوج کی جانب سے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے حق میں ویڈیوز چلانے کی اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے داخلی معاملات میں اثراندازی کی ایک واضح کوشش تصور کی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایل او سی کے قریب کالعدم کمیٹی کا مواد نشر کرنا بھارت اور اس گروہ کے مبینہ روابط کے حوالے سے پہلے سے موجود خدشات کو مزید تقویت دے سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام نے پاکستان کے یوم آزادی پر بھرپور قومی جذبے کا اظہار کرکے پاکستان مخالف بیانیے کو مسترد کیا، جبکہ اس کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے مبینہ طور پر کالعدم کمیٹی کی ویڈیوز چلانا نئی دہلی کی بوکھلاہٹ کی علامت قرار دیا جاسکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کسی مقامی گروہ کے بیانیے کو لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی فوجی پلیٹ فارم کے ذریعے نمایاں کرنا خود بھارت کے لیے بھی سفارتی اور سیاسی سوالات پیدا کرسکتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











