پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کے بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا، ترجمان دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات کو نام نہاد پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں اور اقلیتوں پر مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشی کر رہا ہے۔
پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے لگائے گئے تمام بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ نے بھارت میں ہونے والی حالیہ گرفتاریوں اور داخلی مسائل کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کی مسلسل کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا کہ بھارتی حکام کا یہ پروپیگنڈا پاکستان کے خلاف چلوائی جانے والی ایک منظم اور بدنیتی پر مبنی مہم کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن سندور پر بھارتی ڈاکیومنٹری تضادات کا مجموعہ، سچائی کا خون اور بالی ووڈ ڈرامہ ہے، آئی ایس پی آر
انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت شدید اندرونی بحران کا شکار ہے، جہاں مذہبی اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور حکومت کے خلاف اٹھنے والی ہر مخالف آواز اور اختلاف رائے کو بے رحمی سے دبایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اصل حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود خطے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے۔ بھارت نہ صرف مختلف ممالک میں دہشت گردی برآمد کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر نامزد دہشت گردوں اور کالعدم تنظیمیوں کی مالی و عملی معاونت میں بھی ملوث ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے یاد دہانی کرائی کہ بھارت کی جانب سے کینیڈا، امریکہ اور دیگر ممالک سمیت بیرون ملک کی جانے والی ٹارگٹ کلنگز اور تخریبی کارروائیوں کے ناقابل تردید شواہد پاکستان عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے سامنے رکھ چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ پاکستان کے اندر بھی عدم استحکام پیدا کرنے اور دہشت گردی کی سرپرستی میں بھارتی ریاستی اداروں اور ان کے نیٹ ورک کے ملوث ہونے کے صریح شواہد موجود ہیں۔ پاکستان نے واضح کیا کہ بھارت ایسے جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ اپنے سنگین جرائم سے نہیں ہٹا سکتا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












