بدھ، 19-اگست،2026
بدھ 1448/03/06هـ (19-08-2026م)

شناختی کارڈ بنوانے کے لیے ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ لازمی قرار دینے کا اعلان

19 اگست, 2026 09:12

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ بنوانے کے لیے ہیپاٹائٹس سی کا میڈیکل ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے گا، جبکہ ملک بھر میں بیماری کی اسکریننگ کا دائرہ بھی وسیع کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہر شہری کو ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کروانا ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اسکریننگ کے لیے ادارہ شماریات نے گیجٹس فراہم کردیے ہیں، جبکہ شہریوں کی اسکریننگ کا ریکارڈ نادرا کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق وزارت صحت کے ملازمین کے لیے ہیپاٹائٹس سی کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو ملازم ٹیسٹ نہیں کروائے گا اس کی تنخواہ روک دی جائے گی۔ وزرا سمیت تمام سرکاری ملازمین کے لیے بھی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی اسکریننگ کے لیے تمام وزارتوں کو مراسلے ارسال کیے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں، جس کے باعث حکومت نے ملک گیر اسکریننگ اور علاج کا منصوبہ شروع کیا ہے۔

ان کے مطابق وزیراعظم ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت متاثرہ مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا اور ایک مریض کو تقریباً 68 ہزار روپے مالیت کی ادویات مفت دی جائیں گی۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ کے لیے 17 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی اسپتالوں کو بھی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کے لیے ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ افراد کی اسکریننگ ممکن بنائی جاسکے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت کا مقصد ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص، متاثرہ افراد کے علاج اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔