بدھ، 19-اگست،2026
بدھ 1448/03/06هـ (19-08-2026م)

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، رین ایمرجنسی نافذ

19 اگست, 2026 14:08

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، نالہ لئی میں پانی کی سطح 21 فٹ تک پہنچ گئی، شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے نالے کے اطراف سائرن بجا دیے گئے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

بارانی صورتحال کے سبب طوفانی بارش کا پانی کئی آبادیوں کے گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی

شمس آباد میں 116 ملی میٹر، بوکرا میں 69 ملی میٹر جبکہ چکلالہ اور ایچ 8 میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جہاں کٹاریاں کے مقام پر سطح 21 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 20 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔

نالہ لئی کے ارد گرد بسنے والی آبادیوں کو الرٹ کرنے کے لیے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور شہریوں کو نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے اور لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ اور صادق آباد میں ہیوی مشینری اور اضافی عملہ نکاسی آب کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موجودہ سپیل 21 اگست 2026 تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔