جمعرات، 20-اگست،2026
جمعرات 1448/03/07هـ (20-08-2026م)

حبس، گرمی یا بارش!!! اگلے چند گھنٹوں کا موسم کیسا رہے گا؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

20 اگست, 2026 11:55

کراچی: محکمہ موسمیات نے لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور موسم کی صورتحال کے حوالے سے پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بعض شہروں میں حبس اور گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا کی رفتار کم ہونے کے باعث حبس میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ لاہور میں ہوا 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے جبکہ نمی کا تناسب 87 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور وفاقی دارالحکومت کا درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ شہر میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے۔

ادھر ضلع خیبر کے علاقوں باڑہ اور جمرود میں ایک ہفتے سے زائد شدید گرمی کے بعد ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔ علاقے میں اب بھی بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ بارش کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

ملکۂ کوہسار مری میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ مری میں کم سے کم درجہ حرارت 19 جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ بارش اور بادلوں کے باعث پہاڑی علاقے مزید دلکش ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک، حضرو، گجرات اور صوابی سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ بعض مقامات پر بارشی پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

شدید بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر رکھا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔