جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ سے پہلے تنخواہ ملے گی

21 اگست, 2026 10:03

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام سے وابستہ ورکرز کو ہر ماہ مقررہ وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعلیٰ نے حکم دیا ہے کہ ستھرا پنجاب کے ملازمین کو ہر ماہ 5 تاریخ سے پہلے تنخواہیں ادا کی جائیں۔ انہوں نے بروقت ادائیگی نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کی 151 کمپنیوں میں سے 149 کمپنیوں کے ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی مکمل کی جاچکی ہے۔

مریم نواز نے روجھان اور چوبارہ میں ورکرز کو بروقت ادائیگی نہ کرنے والی متعلقہ کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے صفائی کے نظام میں غفلت اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں پر سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب کے معاملات میں کرپشن یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صرف دفاتر میں بیٹھ کر تنخواہیں لینے کے بجائے افسران اور متعلقہ عملے کو عملی طور پر فیلڈ میں کام کرنا ہوگا۔

مریم نواز نے ایم ڈی واسا کو روزانہ کم از کم دو گھنٹے فیلڈ میں گزارنے کی ہدایت کی، جبکہ ٹی ایم اوز اور ایف ایم اوز کو روزانہ کم از کم پانچ یونین کونسلز کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ اسکواڈ فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ای بائیکس پر تعینات یہ اسکواڈ سڑکوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں صفائی اور کچرے کی صورتحال کی نگرانی کریں گے۔

انہوں نے ستھرا پنجاب ورکرز کے لیے گاربیج بیگز رکھنے کی شرط بھی برقرار رکھنے کی ہدایت کی تاکہ صفائی کے دوران کچرے کو مناسب انداز میں جمع کیا جاسکے۔

مریم نواز نے مستقل طور پر صفائی برقرار رکھنے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں ’انوائرمنٹ فرینڈلی سٹیزن‘ اسٹیکر دینے کی تجویز بھی دی۔ ایسے شہریوں کو تحفہ یا سرٹیفکیٹ دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے شہروں اور دیہات میں صفائی کے عملے اور ورکرز کی غیرحاضری کا بھی نوٹس لیا اور عوامی شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا۔

لاہور میں گلیوں، محلوں اور سڑکوں کے اطراف موجود پلاٹس کی صفائی، ویسٹ انکلیوژرز کی باقاعدہ صفائی اور ٹوٹی ہوئی دیواروں اور دروازوں کی مرمت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے مکینیکل سویپرز کی مرمت اور کارکردگی کا روزانہ جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کی بہتری کے لیے ڈی سلٹنگ کا عمل بھی جاری رکھنے کا حکم دیا۔

مریم نواز نے ستھرا پنجاب کے ایم ڈی، ایف ایم اوز اور ٹی ایم اوز کی کارکردگی جانچنے کے لیے باقاعدہ کے پی آئیز مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر شہر میں ستھرا پنجاب کمپنی کی کارکردگی کی خود بھی نگرانی کریں گی۔ ناقص کارکردگی کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب عوام کو بہتر صفائی اور شہری سہولیات فراہم کرنے کا اہم پروگرام ہے، اس لیے صفائی کے نظام میں مسلسل بہتری ہونی چاہیے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔