جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

بی آئی ایس پی مستحقین کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت کا ڈیجیٹل والٹس دینے کا اعلان

21 اگست, 2026 10:10

کراچی: حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام مستحقین کو رواں سال ڈیجیٹل والٹس فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد مستحقین اپنی مالی رقوم سمیت دیگر ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے زیڈ والٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کررہی ہے، جس میں بی آئی ایس پی مستحقین کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت، متعلقہ ادارے اور نجی شعبہ ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔

ان کے مطابق راست ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد بینکاری نظام کو مزید محفوظ اور عام صارف کے لیے آسان بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ڈیجیٹل مالی سہولیات استعمال کرسکیں۔

وزیر مملکت کے مطابق ملک میں 20 لاکھ سے زائد تاجر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت استعمال کررہے ہیں جبکہ انٹرنیٹ بینکنگ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ادائیگیوں کو بھی تیزی سے ڈیجیٹل بنایا جارہا ہے۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کے فروغ کے لیے تاجروں کو مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ پر سبسڈی بھی فراہم کی گئی ہے۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی شرح 9 فیصد سے بڑھ کر 76 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ سیلف اکاؤنٹنگ اداروں میں یہ شرح 5 فیصد سے بڑھ کر 75 فیصد ہوگئی ہے۔

وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ بی آئی ایس پی کے ایک کروڑ سے زائد مستحقین کو پہلے ہی ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگیاں کی جارہی ہیں۔ اب رواں سال پروگرام کے تمام مستحقین کو ڈیجیٹل والٹ فراہم کیے جائیں گے۔

یہ ڈیجیٹل والٹ عام بینک اکاؤنٹ کی طرح استعمال کیا جاسکے گا۔ مستحقین اس کے ذریعے یوٹیلیٹی بلز ادا کرنے، رقم منتقل کرنے اور دیگر مالی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے قابل ہوں گے۔

حکومت کے اس اقدام کا مقصد بی آئی ایس پی کی ادائیگیوں کو مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنانا ہے، جبکہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے مستحقین کو جدید مالیاتی نظام سے جوڑنے میں بھی مدد ملے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔