جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

بانی پی ٹی آئی سے ناروا سلوک جاری رہا تو ایوان میں نہیں رہیں گے، بیرسٹر گوہر کی دھمکی

21 اگست, 2026 14:38

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بانی کو حقوق نہ ملنے کی صورت میں ایوان چھوڑنے کی سخت دھمکی دے دی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں ایک انتہائی جذباتی اور سخت خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی ہم اس ایوان کی جمہوریت کی مضبوطی کی طرف قدم بڑھاتے ہیں تو ایسے یکطرفہ اقدامات کیے جاتے ہیں، جس سے سسٹم کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی مانے یا نہ مانے عمران خان اس ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں اور دنیا اس بات کو مانتی ہے کہ کچھ طاقتوں کو ان کا اس قدر خوف ہے کہ وہ ان کی ایک جھلک دکھانے سے بھی ڈرتے ہیں۔ ہم نے 25 بار ہائیکورٹ اور 15 بار سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن اس کے باوجود ہمیں انصاف نہیں مل رہا۔

بیرسٹر گوہر نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ایوان کے کسٹوڈین ہیں اور ہم آپ کے کردار کی قدر کرتے ہیں، مگر کچھ لوگ موجود ہیں، جو اس معاملے کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی الشفا کے بجائے پمز منتقلی کی توقع نہیں تھی، عدالتی فیصلے پر عمل درآمد لازمی تھا، بیرسٹر گوہر

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نظرثانی کی اپیل واپس لے، ہم نے اپنے کارکنوں کو الشفا جانے سے روکا اور ہدایت کی کہ وہاں کوئی ویڈیو نہیں بنائے گا تاکہ سیکیورٹی کا مسئلہ نہ بنے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ الشفا کے بجائے دوسرے اسپتال کا انتخاب کس نے کیا اور کون ہے، جو بانی پی ٹی آئی کو اس سسٹم کا حصہ بنتے نہیں دیکھنا چاہتا؟

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہمارے پاس اب ممکن نہیں رہا کہ اس نظام کے ساتھ مزید چلا جائے۔ اگر ہمارے لیڈر کے ساتھ قیدیوں جیسا سلوک بھی نہیں ہوگا اور بنیادی حقوق نہیں ملیں گے تو ہم یہاں نہیں ٹھہریں گے اور فیصلہ کریں گے کہ ہم ایوان چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران، چین، فلسطین، کشمیر اور بھارت کے تنازعات پر ہمیشہ حکومت اور ریاست کا ساتھ دیا، لیکن اگر ایک قیدی کا حق نہیں ملتا تو میں بطور چیئرمین یہاں نہیں بیٹھ سکتا۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر اس جمہوریت کو بچانا ہے تو غور کریں، ہم اس ریاست کے مکمل وفادار ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔