ہفتہ، 22-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/09هـ (22-08-2026م)

وزیراعظم شہباز شریف کا پمز ہسپتال میں سی ٹی اینجیوگرافی فعال نہ ہونے کا نوٹس

22 اگست, 2026 12:46

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں سی ٹی اینجیوگرافی کی سہولت فعال نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کردی۔

حکومتی فیصلے کے مطابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انکوائری کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ کمیٹی پمز میں سی ٹی اینجیوگرافی کی سہولت کے 2022 سے اب تک فعال نہ ہونے کی وجوہات کا جائزہ لے گی۔

انکوائری کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ پمز میں مطلوبہ طبی سہولت دستیاب نہ ہونے کے باعث مریضوں کو نجی طبی مراکز کیوں ریفر کیا جاتا رہا۔ اس عمل سے متعلق کسی ممکنہ مالی فائدے یا مفاداتی معاملے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

کمیٹی پمز کے کارڈیالوجی اور ریڈیالوجی شعبوں کے درمیان مبینہ عدم رابطہ کاری اور انتظامی مسائل کا بھی جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ سی ٹی اینجیوگرافی کی سہولت کو فعال رکھنے میں کون سی انتظامی یا تکنیکی رکاوٹیں حائل رہیں۔

حکومت کی جانب سے کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ غفلت، کوتاہی یا بدانتظامی کے ذمہ دار افسران کا تعین کیا جائے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تفصیلی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے۔

سی ٹی اینجیوگرافی دل اور خون کی شریانوں کی تشخیص کے لیے اہم طبی سہولت تصور کی جاتی ہے، اس لیے سرکاری اسپتال میں اس کے طویل عرصے تک فعال نہ ہونے کے معاملے نے انتظامی اور طبی نظام سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔

وزیراعظم کی جانب سے انکوائری کمیٹی کے قیام کا مقصد معاملے کے حقائق سامنے لانا، ذمہ داری کا تعین کرنا اور مستقبل میں مریضوں کو درپیش مشکلات کے تدارک کے لیے ضروری اقدامات کرنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔