مقتول میر رضا کی فیملی کی سیکیورٹی اچانک واپس لے لی گئی
مقتول میر رضا کی فیملی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں فراہم کی گئی سیکیورٹی اچانک واپس لے لی گئی، جبکہ اہلخانہ نے ایک مشکوک گاڑی کی جانب سے تعاقب کیے جانے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔
میر رضا کی بہن نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ان کے خاندان کی درخواست پر سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی، تاہم انہیں اطلاع دیے بغیر سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حال ہی میں ایک مشکوک گاڑی ان کی گلی کے قریب سے ان کا پیچھا کرتی ہوئی آئی۔ ان کے بقول والد نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے گاڑی دوسری گلی سے نکال لی۔
میر رضا کی بہن کے مطابق ان کی والدہ گھر کی بالکونی میں کھڑے ہوکر اہلخانہ کا انتظار کر رہی تھیں اور انہوں نے بھی مذکورہ گاڑی کو گھر والوں کے پیچھے آتے ہوئے دیکھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب وہ گھر کے قریب پہنچے تو دو گاڑیاں ان کا تعاقب کر رہی تھیں۔ صورتحال پر ان کے والد نے پولیس کو فون کیا، جس کے بعد پولیس کی موبائل موقع پر پہنچ گئی۔
میر رضا کی بہن نے سیکیورٹی واپس لیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اہلخانہ کو درپیش مبینہ خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔
تاہم مشکوک گاڑیوں کی موجودگی اور سیکیورٹی واپس لیے جانے سے متعلق حکام کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔