بنگلادیش نے پاک ترک سعودی دفاعی معاہدے میں شمولیت کا عندیہ دے دیا

’سعودیہ راتوں رات ایٹمی طاقت بن گیا‘، پاکستان سے دفاعی معاہدے پر بھارتی اداکار بھی بول پڑے
ڈھاکا: بنگلادیش نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان قائم دفاعی تعاون کے فریم ورک میں ممکنہ شمولیت کا عندیہ دے دیا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ملکی مفادات اور خطے کی بدلتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
بنگلادیشی وزارت خارجہ کے مشیر ہمایوں کبیر نے کہا ہے کہ ڈھاکا مختلف اقتصادی اور دفاعی تعاون کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی نئے معاہدے یا فریم ورک میں شمولیت کا فیصلہ بنگلادیش کے قومی مفادات، عالمی معاشی حالات اور بدلتے ہوئے تجارتی رجحانات کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بنگلادیش کسی بھی علاقائی تعاون کا حصہ بننے سے پہلے اس کے ممکنہ اثرات کا تفصیلی جائزہ لے گا۔
ہمایوں کبیر کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوطرفہ روابط کو معمول پر لانے اور عملی تعاون بڑھانے کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معمول کی سفارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
بنگلادیشی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں تیزی سے تبدیل ہونے والے حالات کے باعث مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات اور تعاون کے نئے راستوں کا جائزہ لینا ضروری ہوگیا ہے۔
بنگلادیشی وزارت خارجہ کے مشیر نے بتایا کہ وزیراعظم طارق رحمان جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اور تعاون سے متعلق مختلف امور پر بات چیت متوقع ہے۔
سعودی عرب کے ساتھ بنگلادیش کے تعلقات پہلے ہی اقتصادی، افرادی قوت اور دیگر شعبوں میں اہمیت رکھتے ہیں، اس لیے وزیراعظم کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان روابط کے حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے بعد بنگلادیش کی جانب سے ممکنہ شمولیت کے عندیے نے خطے میں نئے تعاون کے امکانات کو نمایاں کردیا ہے۔
تاہم بنگلادیش نے ابھی تک اس فریم ورک میں شامل ہونے کا باضابطہ فیصلہ نہیں کیا۔ موجودہ صورتحال میں ڈھاکا مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہا ہے اور حتمی فیصلہ قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











