اتوار، 23-اگست،2026
اتوار 1448/03/10هـ (23-08-2026م)

سرمایہ کاری کی ناکام کوششیں اور قرض کا دباؤ، میر رضا کی آخری 12 گھنٹوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

23 اگست, 2026 08:47

میر رضا کی موت سے قبل آخری 12 گھنٹوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے مطابق وہ 3 کروڑ روپے کے قرض اور سرمایہ کاری کی ناکام کوششوں میں شدید مالی دباؤ کا شکار تھے۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق میر رضا اپنے آخری 12 گھنٹوں کے دوران مسلسل سرمایہ کاری حاصل کرنے اور قرض کے بندوبست کی کوششوں میں مصروف رہے۔

27 جولائی کو شام 5 بجکر 54 منٹ پر شارع فیصل پر ان کی ملاقات احمد راجہ نامی شخص سے ہوئی، جس میں 70 سے 80 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر بات چیت کی گئی۔

اس کے بعد رات 7 بجکر 5 منٹ پر ایک بینک کال کے ذریعے ان کو اطلاع ملی کہ ان کی بہن کے نام پر ایک کروڑ روپے کا قرض منظور ہو گیا ہے، جبکہ اس سے قبل ان کی ایک لون درخواست بینک مسترد کر چکا تھا۔

مالی مشکلات کا سلسلہ یہی ختم نہیں ہوا اور رات 8 بجکر 23 منٹ پر فاروق محمود نے فون کرکے سرمایہ کاری سے معذرت کر لی، حالانکہ میر رضا اس سے قبل بھی انہیں متعدد بار سرمایہ کاری کی پیشکش کر چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : مقتول میر رضا کی فیملی کی سیکیورٹی اچانک واپس لے لی گئی

رات 11 بجکر 50 منٹ پر میر رضا نے اپنے دوست عبدالرزاق کے ساتھ غفار کباب ہاؤس پر کھانا کھایا۔ اس کے بعد رات 12 بجے انہوں نے صارم سید سے ہنگامی بنیادوں پر 3 کروڑ روپے کا قرض مانگا اور اپنے پیغام میں یہ بھی لکھا کہ اگلی صبح ان کے لیے انتہائی مشکل ہونے والی ہے۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ رات 2 بجکر 23 منٹ پر میر رضا نے گھر پر اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کیا۔ ان کی گھڑی میں مالی آزادی اور قرض کی ادائیگی سے متعلق ایک دعا بھی موجود تھی۔

بعد ازاں رات 2 بجکر 42 منٹ پر انہوں نے فیس بک، لنکڈان اور اسنیپ چیٹ کے اکاؤنٹس بھی بند کر دیئے۔ رات 3 بجکر 10 منٹ پر ان کی منگیتر نے متعدد کالز اور میسجز کیے لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا، جس پر منگیتر نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس غائب ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

رات 3 بجکر 18 منٹ پر میر رضا نے اپنے اکاؤنٹس سے رقم اپنے والدین کے اکاؤنٹس میں منتقل کی۔ رات 3 بجکر 42 منٹ پر وہ گھر سے اپنی دکان پہنچے اور وہاں سے سیکیورٹی گارڈ کا پستول لے کر نکلے۔

رات 3 بجکر 52 منٹ پر وہ پستول کے ساتھ واپس گھر پہنچے اور رات 4 بجکر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہو گئے۔ دورانِ سفر رات 4 بجکر 22 منٹ پر انہوں نے اپنا موبائل فون بند کرکے باہر پھینک دیا۔

رات 4 بجکر 35 منٹ پر وہ ٹیکسی کے ذریعے جائے وقوعہ کے قریب پہنچے اور 4 بجکر 38 منٹ پر انہیں اکیلے جائے وقوعہ کی طرف جاتے دیکھا گیا۔ ان کی آخری فوٹیج لاش ملنے کے مقام سے تقریباً 100 سے 150 میٹر کے فاصلے کی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔