پیر، 24-اگست،2026
پیر 1448/03/11هـ (24-08-2026م)

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں 351 آسامیوں کا اعلان، 7 ستمبر آخری تاریخ

24 اگست, 2026 09:07

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں گریڈ 5 سے 14 تک مختلف عہدوں پر 351 خالی آسامیوں کے لیے بھرتیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

امیدواروں سے مقررہ طریقہ کار کے مطابق آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اعلان کے مطابق کانسٹیبل ڈرائیور کی 64، کانسٹیبل کی 174، اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی 36، اپر ڈویژن کلرک کی 6، اسٹینو ٹائپسٹ کی 8، ٹیکنیکل اسسٹنٹ کی 15 اور سب انسپکٹر کی 48 آسامیاں شامل ہیں۔

مختلف عہدوں کے لیے تعلیمی قابلیت الگ الگ مقرر کی گئی ہے۔ بعض آسامیوں کے لیے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ جبکہ دیگر کے لیے بیچلرز ڈگری، کمپیوٹر یا آئی ٹی سے متعلقہ تعلیم اور دیگر مطلوبہ قابلیت ضروری ہوگی۔ امیدواروں کو درخواست جمع کرانے سے پہلے متعلقہ عہدے کی اہلیت اور شرائط کا جائزہ لینا ہوگا۔

مذکورہ تمام آسامیوں کے لیے عمر کی حد 18 سے 25 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ سرکاری قواعد کے تحت عمر میں رعایت کا اطلاق ہونے کی صورت میں امیدوار اس سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

کانسٹیبل، کانسٹیبل ڈرائیور، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور سب انسپکٹر کی آسامیوں کے لیے امیدواروں کو مقررہ جسمانی معیار پر پورا اترنے کے ساتھ دوڑ کے امتحان میں بھی کامیاب ہونا ہوگا۔ مرد امیدواروں کے لیے 1.6 کلومیٹر دوڑ 7 منٹ جبکہ خواتین امیدواروں کے لیے یہی فاصلہ 10 منٹ میں مکمل کرنا ضروری ہوگا۔

امیدوار اپنی درخواستیں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن ٹیسٹنگ اینڈ اسیسمنٹ سروس کے آن لائن بھرتی پورٹل کے ذریعے جمع کراسکتے ہیں۔ ایک سے زیادہ عہدوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو ہر پوسٹ کے لیے الگ درخواست جمع کرانے کے ساتھ مقررہ فیس بھی علیحدہ ادا کرنا ہوگی۔

ہر پوسٹ کے لیے درخواست فیس 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کو اپنی درخواستیں ہر صورت 7 ستمبر 2026 تک جمع کرانا ہوں گی۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر درخواست اور فیس جمع کرانے کا عمل بروقت مکمل کریں تاکہ کسی تکنیکی مسئلے کے باعث درخواست جمع ہونے سے رہ نہ جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔