سانحہ پمز؛ وزیر اعظم نے وفاقی سیکریٹری صحت کو عہدے سے ہٹا دیا

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو معطل کرتے ہوئے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ واقعے کی وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پمز اسپتال کے واقعے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ افسران کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کے لیے باقاعدہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ۔ سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر نبیل اعوان بھی تحقیقاتی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
تحقیقاتی کمیٹی پمز اسپتال میں پیش آنے والے واقعے کی وجوہات کا جائزہ لے گی۔ اس کے ساتھ اسپتال میں موجود انتظامی اور حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی اپنی تحقیقات کے بعد وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے انہیں پمز اسپتال کا دورہ کرکے صورتحال کا خود جائزہ لینے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر صحت کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔ وہ اسپتال پہنچ کر انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے واقعے کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔ اس کے علاوہ امدادی کارروائیوں اور اسپتال میں موجود دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










